اتحاد ایئر ویز اور حبیب بینک کے درمیان معاہدہ

جمعہ 25 نومبر 2016 17:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2016ء)متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی اتحاد ایئر ویز اور حبیب بینک کے درمیان ایک معاہد ہ ہواہے جس کے تحت حبیب بینک کریڈٹ و ڈیبیٹ کارڈ رکھنے والے صارفین اتحاد ایئر ویز کے ٹکٹس کی آن لائن خریداری پر کرایوں میں رعایت حاصل کرسکیں گے ۔تقریب میں حبیب بینک کی جانب سے گلوبل کنزیومر بینکنگ ہیڈ عامر قریشی اور اتحاد ایئر ویز کی جانب سے جنرل منیجر پاکستان احمد ظہور نے دستخط کئے۔

اس موقع پر احمد ظہور کا کہنا تھا کہ کثرت سے فضائی سفر کرنے والے حبیب بینک صارفین کیلئے اتحاد ایئر ویز کی اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کا یہ انتہائی نادر موقع ہے اور اس پیشکش سے حبیب بینک کے صارفین دنیا بھر میں اتحا د ایئر ویز کے وسیع نیٹ ورک پر رعایتی نرخوں پرسفر کی سہولیات حاصل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

عامر قریشی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد ایئر ویز سے اس اشتراک پر حبیب بینک کو انتہائی فخر ہے اور اس اشتراک کے نتیجے میں ہمارے صارفین کو اتحاد ایئر سے سفر میں اضافی سہولیات حاصل ہونگی اور اس ڈیل کے نتیجے میں ملک میں ای کامرس کے رجحان میں اضافے میں بھی مدد ملے گی۔

اتحاد ایئر ویز کراچی،لاہور اور اسلام آباد سے اپنے حب ابوظہبی کیلئے شیڈول پروازیں چلاتی ہے جہاں سے کنکشنز کے ذریعے یورپ،مشرق وسطیٰ،افریقہ،آسٹریلیا اور امریکا تک پروازوں کی سہولت موجود ہے ،اتحاد ایئر ویز اپنے پارٹنرز کے ساتھ ابوظہبی سی600سے زائد منازل کیلئے پروازوں کی سہولت فراہم کرتی ہے ،اتحاد ایئر ویز کو حال ہی میں اسکائی ٹریکس کی جانب سے بہترین سروس اور ایکسیلکینس پر فائیو اسٹار رینکنگ سے بھی نوازا گیاہے ،معاہدے پر دستخط کی تقریب میں ایچ بی ایل کے چیف مارکیٹنگ افسر نوید اصغر،ایچ بی ایل کے ہیڈ آف کریڈٹ کارڈزسید مدثر نیازی اور اتحاد ایئر ویز کے سیلز منیجر نوید احمد سمیت دونوں اطراف سے مینجمنٹ کے سینئر نمائندے بھی موجود تھے۔