سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق گوالیارکوآپریٹیو سوسائٹی میں فوری طور پر الیکشن کرائے جائیں،نعیم حسین

جمعہ 25 نومبر 2016 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2016ء) گوالیارکوآپریٹیو سوسائٹی نے 5 اپریل، 2016 کو سندھ ہائی کورٹ میں ایک آئینی پٹیشن CP NO. 1929/2016 دائر کی تھی ۔جس پر معزز عدالت نے 19 اکتوبر، 2016 کو احکامات جاری کئے کہ تین ماہ کے اندر سوسائٹی کے انتخابات کرائے جائیں۔ ہائی کورٹ کے آرڈر کے مطابق الیکشن کے انعقاد کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کی جائے گی۔

جس میں ایک اسسٹنٹ رجسٹرار اور دو گوالیار سوسائٹی کے سینئر ممبران پر مشتمل ہوگی جوسوسائٹی کے الیکشن کا انعقاد کرائے لیکن کوآپریشن ڈپارٹمنٹ سندھ کے سیکریٹری غلام مصطفی پُھل نے سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے برخلاف ایک بدعنوان شخص محمد حنیف اتیرو کواقرباء پروری کی بنیاد پر گوالیار سوسائٹی کے مکینوں پر مسلط کردیا ہے جو کہ ماضی میں بھی کرپشن میں ملوث رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ شخص گوالیار سوسائٹی کے مکینوں کو مختلف طریقوں سے ہراساںکررہا ہے۔گوالیارکوآپریٹیو سوسائٹی ایکشن کمیٹی کے ممبران اور جنرل سیکریٹری نعیم حسین نے کہا ہے کہ محمد حنیف اتیرو پلاٹوں کے جعلی کاغذات بنا کر فروخت کررہا ہے۔ سوسائٹی کے ممبران کو دھمکا کر ناجائز طور پر واجبات وصول کئے جارہے ہیں۔ یہ شخص لوگوں کو اپنے پلاٹوں پر کام کرنے سے بھی روکتا ہے جبکہ سابقہ کمیٹی کی جانب سے ڈیولپمنٹ کے جو کام شروع کرائے گئے تھے ان کو بھی روک دیا گیا ہے۔

گوالیارکوآپریٹیو سوسائٹی کے رہائشیوں کا مطالبہ ہے کہ اس بدعنوان شخص کو ہٹا کرسندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق فوری طور پرمنصفانہ اور شفاف الیکشن کرائے جائیں اوراب تک گوالیار سوسائٹی میں ہونے والی کرپشن کی کسی ایماندار افسر سے انکوائری کرائی جائے۔

متعلقہ عنوان :