پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث اشتہاریوں کی رپورٹ ایڈمن جج کو جمع کرا دی

جمعہ 25 نومبر 2016 17:22

لاہور۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) پنجاب بھر کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ایڈمن جج جسٹس عبدالسمیع خان کے روبرو پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کی طرف سے دہشت گردی مقدمات میں ملوث اشتہاریوں کی رپورٹ جمع کرائی گئی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں دہشت گردی جیسے سنگین مقدمات میں ملوث ایک ہزار دو اشتہاری تاحال مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی، رپورٹ کے مطابق لاہور ریجن میں دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث ایک سو ستاسی، شیخوپورہ میں ایک سو سولہ، گوجرانوالہ ریجن میں دو سو تینتیس، راولپنڈی ریجن میں ایک سو انیس، سرگودھا ریجن میں آٹھ، فیصل آباد میں ستانوے، ساہیوال ریجن میں چھ، ملتان میں سولہ، ڈی جی خان میں ایک سو چھہتر اور بہاولپور میں چوالیس اشتہاری ایسے ہیں جو دہشت گردی جیسے سنگین مقدمات میں ملوث ہیں لیکن محکمہ سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس ان اشتہاریوں کو گرفتار نہیں کر سکی، ایک ماہ میں صرف ستاون اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق محکمہ سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کی نااہلی کی وجہ سے نیشنل ایکشن پلان پنجاب میں بری طرح متاثر ہو رہا ہے، انسداد دہشت گردی عدالتوں کے جج جسٹس عبدالسمیع خان نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ ان اشتہاریوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور جن اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان کیخلاف چالان جلد ٹرائل کورٹس کو بھجوائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :