حکومت فرنیچر کے شعبہ کو برآمدات میں اضافے اور فرنیچر کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کیلئے مراعات کا پیکج دے گی،وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر کی انٹئرپاکستان نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

نمائش کا مقصد ملک بھر میں فرنیچر کی صنعت کو فروغ دینا ہے، چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچر کونسل میاں کاشف اشفاق

جمعہ 25 نومبر 2016 17:21

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ حکومت فرنیچر کے شعبہ کو برآمدات میں اضافے اور فرنیچر کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کیلئے مراعات کا پیکج دے گی اور ہر ممکن مدد کرے گی۔ لاہر کے ایکسپو سینٹر میںچھٹی تین روزہ ’’ انٹیرٹیرز پاکستان ‘‘ نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ نسبتاً سستے اور بہتر کوالٹی کی وجہ سے پاکستانی فرنیچر کی دنیا بھر میں بڑی مانگ ہے ۔ ایسی نمائشوں کے انعقاد سے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرتے میں مدد ملتی ہے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ اس نمائش کے انعقاد کا تمام تر سہرا میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں پاکستان فرنیچر کونسل کو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت فرنیچر کے شعبہ کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرے گی اور اس شعبہ سے وابستہ کارکنوں کی تربیت کیلئے سہولیات فراہم کرے گی۔ پاکستان فرنیچر کونسل کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ایک ہی چھت کے نیچے بہترین معیار اور مختلف اقسام کا فرنیچر دیکھ کر خوشگوار حیرت ہو رہی ہے ۔ اس نمائش سے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک خریدار بھی پاکستان فرنیچر کی طرف متوجہ ہونگے ۔

تجارتی میلے بزنس کی سطح پر ممالک کے درمیان روابطہ کی بہترین ذریعہ ہیں اور پاکستان فرنیچر کونسل ملک کے مختلف شہروں میں تواتر کے ساتھ فرنیچر کی نمائش منعقد کر رہی ہے جس سے اس صنعت کو فروغ ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فرنیچر ڈیزائن اور تیار کرنے والوں کو بیرون ملک نمائشوں کے انعقاد کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم کرے گی۔ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف راغب کرنے میں کامیاب ہو رہا ہے اور پاکستان فرنیچر کونسل غیرملکی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر رہی ہے ۔

بہتر سیکورٹی صورتحال اور اقتصادی اصلاحات کے باعث تقریباً تمام بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خام مال کے بہترین معیار کو سابقت کا بنیادی ستون بنانا فرنیچر تیار کرنے والوں کی ذمہ داری ہے۔ نئے آڈرز کی بروقت فراہم اور فروخت کے بعد معیاری سروس میں پاکستانی فرنیچر کی فروخت میں اضافے کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبہ سے وابستہ کاریگر بہترین مہارتیں اور صلاحیتیں رکھتے ہیں اس لئے کوئی شبہ نہیں کہ پاکستانی برآمد کنندگان اس شعبہ میں اولین مقام نہ حاصل کریں۔ایک سوال کے جواب میں خرم دستگیر نے کہا کہ فرنیچر کی درآمد پر پابندی لگانے کیلئے کوئی پالیسی زیرغور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب فرنیچر کی برآمدات میں غیرمعمولی اضافہ نظر آئے گا اور پھر درآمدی اشیاء کی ضرورت باقی نہ رہی تو درآمد پر پابندی لگانے کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ 100 سے زائد ملکی نمایاں اور متوسط کمپنیوں کے علاوہ چار غیرملکی فرنیچر بنانے والی کمپنیوں نے بھی نمائش میں حصہ لیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ٹیکنالوجی کو ہینڈ میڈ اور سالڈ فرنیچر سے مشین سے بنائے جانے والے فرنیچر کی طرف منتقل کر رہے ہیں۔

اس نمائش کے حوالے سے بات کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹریئر پاکستان نمائش کا مقصد ملک بھر میں فرنیچر کی صنعت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فرنیچرز کونسل 7ویں انٹریئر پاکستان نمائش آئندہ سال مارچ میں اسلام میں منعقد کریگی اور کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں ایک سال میں کل چھ نمائشوں کے انعقاد بارے پلاننگ کی جارہی ہے۔ وفاقی وزیر خرم دستگیر نے مختلف سٹالوں کے دورہ کیا اور ملک میں فرنیچر کے شعبہ کی ترقی کیلئے تجاویز اور مطالبات کے ساتھ پاکستان فرنیچرز کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی۔

متعلقہ عنوان :