ایچ ای سی بامعنی اور مفید ریسرچ کی حوصلہ افزائی اور جامعات کو سپورٹ فراہم کرتا ہے، چیئرمین ڈاکٹر مختار

سماجی و اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے محققین عملی اقدامات کرکے مفید تحقیق پر مشتمل کام کریں گے، وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی

جمعہ 25 نومبر 2016 16:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) ملکی و غیر ملکی محققین اور ماہرین تعلیم نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ کانفرنس میں تحقیق کے ذریعے معاشرے کی سماجی و اقتصادی خدمت کا عہد کیا ہے۔ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں انہوں نے کیمسٹری میں حالیہ رجحانات پر غور کیا۔ کانفرنس کا اہتمام یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے کیا تھا۔

کانفرنس میں امریکہ، چین، ملائیشیاء، جرمنی اور پولینڈ کے ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ شرکاء کانفرنس نے اوپن یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات اور ریسرچ کلچر کے فروغ کے لئے اقدامات اور کوششوں کو سراہا۔چئیرمین ہائر ایجوکیش کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاشرے کے لئے کارآمد، بامعنی اور سماجی و اقتصادی مسائل کے حل پر مشتمل تحقیق پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مختار نے کہا کہ ایچ ای سی بامعنی اور مفید ریسرچ کی حوصلہ افزائی اور جامعات کو سپورٹ فراہم کرتا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے خطبہ استقبالیہ میں امید ظاہر کی کہ سماجی و اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے محققین عملی اقدامات کے ساتھ آگے آئیں گے اور معاشرے کے لئے مفید تحقیق پر مشتمل کام کریں گے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ ریسرچ کے فروغ کے لئے ایچ ای سی نے خطیر رقم مختص کی ہے، اب جامعات پر منحصر ہے کہ وہ اس سلسلے میں کتنا کام کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی نے تحقیقی کلچر کے فروغ کے لئے مختلف اقدامات کئے ہیں جن میںلائبریری کے اوقات کار میں اضافہ، یونیورسٹی میں ریسرچ آفس کا قیام، تحقیقی کام میں اساتذہ اور محققین کی حوصلہ افزائی کے لئے مراعاتی پیکیج کی منظوری اور عمل درآمد کا آغاز، ریسرچ کے نتائج لوگوں تک پہنچانے کے لئے آٹھ ریسرچ جنرلز کی اشاعت اور 9 قومی و بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد شامل ہیں۔

پبلک سیکٹر جامعات میں اوپن یونیورسٹی کو ماڈل تعلیمی ادارہ بنانے میں فل ٹائم سپورٹ کی فراہمی پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ایچ ای سی کا شکریہ ادا کیا۔ ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نغمانہ رشید نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس نے شرکاء کو ان کے ریسرچ کام کی نمائش کا موقع فراہم کیا اور تبادلہ خیالات و تجربات، مسائل پر گفتگو اور سائنسدانوں کی برادری کے ساتھ بات چیت کے ذریعے تحقیق کے نئے مواقع تلاش کرنے کا ایک پلیٹ فارم تھا۔ کانفرنس کے چار سیشنز تھے جس میں معروف ماہرین تعلیم ڈاکٹر عظمیٰ یونس، ڈاکٹر ضیاء الحق اور ڈاکٹر عزیز چوہدری نے لیکچرز دئیے۔

متعلقہ عنوان :