عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کیلئے عزم، جذبے اور محنت سے کام کرنا ہوگا ‘ عرفان دولتانہ

جمعہ 25 نومبر 2016 16:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کیلئے عزم، جذبے اور محنت سے کام کرنا ہوگا اور ناامیدی اور مایوسی کو شکست دے کر امید کے چراغ جلانے ہوں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فلاحی منصوبوں میں جدت سے کام لیتے ہوئے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا تاکہ عوام جلد از جلد منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔

’’خادم پنجاب صا ف پانی پروگرام‘‘ کو بھی انفرادیت اور جدت کے اصولوں کے تحت چلانا ہوگا اور اس اہم منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھنا ہوگی۔ اس اہم منصوبے میں محکموں کی استعدادکار میں کمی، معاملہ فہمی میں فقدان اور دیگر عوامل کو ہرگز آڑے نہ آنے دیا جائے صاف پانی صحت مند زندگی کی علامت ہے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے لیکن مقام افسوس ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے اس اہم مسئلے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جس کی بنا پر اس منصوبے پر کوئی اہم پیش رفت نہ ہوسکی۔

(جاری ہے)

اربوں روپے کی سکیمیں تو ضرور بنائی گئیں لیکن انہیں فعال نہیں کیا گیا۔ ماضی کی حکومتوں اور محکموں نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں جس کی بنا پر آج بھی بیشتر آبادی صاف پانی سے محروم ہے۔