اپنے وطن کی بقاء اور سالمیت کے لئے مل جل کر کام کرنا ہوگا

’’چاند میری زمین‘‘جیسے ڈراموں سے عوام میں جذبہء حب الوطنی پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کا تقریب سے خطاب

جمعہ 25 نومبر 2016 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے وطن پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے لئے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت اسماعیل بشیر کا تحریر کردہ سٹیج ڈرامہ ’’چاند میری زمین‘‘ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ڈراموں سے عوام میں جذبہء حب الوطنی پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈرامہ کے تمام فنکاروں نے اپنے اپنے کردار کو خوب نبھایا ہے، جڑواں شہروں میں بسنے والوں کے لئے اس قسم کی صاف ستھری تفریح کے مواقع فراہم کرنے پر آرٹس کونسل اور تمام فنکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی آرٹس کونسل نہ صرف ملک کے اعلیٰ پایہ کے فنکاروں کو مواقع فراہم کر رہی ہے بلکہ نئے اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کے لئے بھی اپنے ہنر کو عوام میں متعارف کرانے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ناہید منظور نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تمام فنکاروں کو ایک اچھے اور مضبوط موضوع پر ڈرامہ پیش کرنے پر مبارک باد دی۔ آخر میں وقار احمد ریذیڈنٹ ڈائریکٹر نے بھی فنکاروں کو مبارک باد دی اور اِس امر کا احاطہ کیا کہ راولپنڈی آرٹس کونسل اسی طرح جڑواں شہروں میں بسنے والوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔ ڈرامہ میں مسعود خواجہ، یار محمد، سپنا شاہ، لبنیٰ شہزادی، سید سلیم آفندی، حمید بابر،سعید انور، ا سماعیل بشیر، جھلک علی، لیاقت شاہ، راجہ عبدالستار ، انجم عبا سی، رافع اور طاہر شیرازی نے حصہ لے۔ ڈرامہ کی ہدایات اسماعیل بشیر کی تھیں۔ راوپلپنڈی اور اسلام آ باد کی ایک کثیر تعداد نے ڈرامہ دیکھا اور فنکاروں کو دل کھول کر داد دی۔

متعلقہ عنوان :