آرمی چیف سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 25 نومبر 2016 16:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی جس میں امریکی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے جنرل راحیل شریف کی قیادت میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔

بعد ازاں اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ میری کوشش رہی ملک کے لئے جو ممکن ہے کیا جائے اور میری خدمات ملک کے لئے ہمیشہ دستیاب رہیں گی جب کہ جو کام پاک فوج نے شروع کیے ہیں وہ انشااللہ مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔ آرمی چیف نے ریٹائرمنٹ کے بعد میں اپنا باقی وقت شہداء کے لواحقین کے لیے وقف کرنے کا اعلان بھی کیا۔