وزیراعظم محمد نواز شریف ’’پائیدار ٹرانسپورٹ عالمی کانفرنس‘‘ میں شرکت کے لئے ترکمانستان پہنچ گئے

جمعہ 25 نومبر 2016 16:28

اشک آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف ’’پائیدار ٹرانسپورٹ عالمی کانفرنس‘‘ میں شرکت کے لئے جمعہ کو دو روزہ دورہ پرترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد پہنچ گئے۔ وہ ترکمانستان کے صدر کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے تحت اشک آباد میں ’’پائیدار ٹرانسپورٹ بارے عالمی کانفرنس‘‘ میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے دورہ کے دوران ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف سے بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے تحت پہلی مرتبہ یہ کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس کی میزبانی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور ترکمانستان مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں کم و بیش 1500 شرکاء شریک ہوں گے جن میں سربراہان مملکت و حکومت، وزراء، نجی شعبے کے سی ای اوز، سول سوسائٹی کے رہنما اور اقوام متحدہ کے عہدیداران شامل ہیں۔ کانفرنس میں پائیدار ترقی کے لئے 2030ء ایجنڈا کے حصول کے حوالے سے پائیدار ٹرانسپورٹ کے فروغ اور کردار پر بات چیت ہوگی۔

پاکستان مواصلاتی روابط استوار کر کے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بہتر رابطوں کا خواہاں ہے۔ یہ روابط تجارتی و اقتصادی تعلقات، عوامی روابط اور سیاحت کے مواقع سے استفادہ کے لئے سازگار ہوں گے۔ پاکستان اور چین نے گوادر اور کراچی میں اپنی بندرگاہوں کو بہترین مواصلاتی رابطہ کی فراہمی کے لئے پاک چین اقتصادی راہداری کا آغاز کیا ہے۔ خشکی میں گھری ہوئی وسطی ایشیائی ریاستیں کراچی اور گوادر میں پاکستان کی بندرگاہوں تک رسائی کے لئے ریل اور شاہراتی ٹرانسپورٹ کے راستوں کو بروئے کار لا سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :