کندیاں ایکسپریس کی بحالی کیلئے اقدامات کا آغاز

جمعہ 25 نومبر 2016 16:20

سرگودھا۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) محکمہ ریلوے نے میانوالی سے براستہ سرگودھا لاہور چلنے والی کندیاں ایکسپریس کو بحال کرنے کیلئے عملی اقدامات شروع کردیئے ہیں ۔گزشتہ تین سال سے بند کندیاں ایکسپریس ٹرین کی وجہ سے سرگودھا کندیاں سیکشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت نہ ہونے کے برابر تھی جس کی وجہ سے ریلوے لائن بھی متاثر ہوئی تھی ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں محکمہ ریلوے نے بندکندیاں ایکسپریس ٹرین کی بحالی کیلئے باقاعدہ طور پر ریلوے پٹڑی کی مرمت کا کام تیز کردیا ہے۔ محکمہ ریلوے کا عملہ ٹریک کی بحالی کیلئے کئی دنوں سے کام میں مصروف ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ کندیاں سے براستہ سرگودھا لاہور جانیوالی کندیاں ایکسپریس ٹرین کو بحال کردیا جائیگا۔ اس کے علاوہ سرگودھا سے میانوالی چلنے والی ٹرین کی بحالی کے بھی واضح امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔