خالص دودھ کی اہمیت سے آگاہی کے لئے سیمینارز کاسلسلہ جاری

جمعہ 25 نومبر 2016 16:20

فیصل آباد۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)حکومت پنجاب کی ہدایات پر خالص دودھ کی اہمیت وافادیت سے آگاہی کے لئے سیمینارز کے انعقاد کاسلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔اس ضمن میں گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین سمندری میں سیمینارمنعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹرمنیر شامی نے صحت افزاء دودھ سے متعلق آگاہ کیا۔

ڈی او لائیوسٹاک ڈاکٹرصالحہ گل،ڈی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر عطاسبحانی،پرنسپل کالج بشریٰ حیات،چائلڈ سپیشلست ڈاکٹرسارہ اکرم اوردیگر افسران کے علاوہ طالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے کہا کہ خالص دودھ جسم کی ہڈیوں کومضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتاہے جو بچوں سے لیکر ہر عمر کے انسان کی بنیادی ضرورت بھی ہے جس کا ملاوٹ سے پاک ہونا ازحدضروری ہے۔

(جاری ہے)

چلڈرن سپیشلسٹ نے ملاوٹی دودھ کے انسانی صحت پر اثرات کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ ڈی ڈی او ہیلتھ نے دودھ سمیت کھانے پینے کی اشیاء کے ملاوٹ مافیا کے خلاف کی گئی کارروائیوں کے بارے میںبتایا۔پرنسپل کالج نے کہا کہ ایسے معلوماتی پروگرامز کے انعقاد سے خالص دودھ کی اہمیت وافادیت سے آگاہی ملی ہے ۔انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک اوردیگر محکموں کے افسران کا شکریہ اداکیااس موقع پر طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔