لوگوں کو بیماریوں سے پاک گوشت کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کاآغازکردیا ،ترجمان لائیوسٹاک

جمعہ 25 نومبر 2016 16:20

فیصل آباد۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے لوگوں کو بہترین اور بیماریوں سے پاک گوشت کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کاآغازکردیا ہے جبکہ اس ضمن میں کٹڑے بچائو کے عنوان سے ایک مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ دیہاتی افراد و مویشی پال حضرات محکمانہ سفارشات پرعملدرآمد کرتے ہوئے صحت مند ، معیاری اور بھرپور گوشت کی پیداوار کاحصول ممکن بناسکیں۔

(جاری ہے)

محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ گائو ںاور دیہاتوں میں موجود کسان بھینسوں کے چھوٹے کٹڑوں کو نہ تو مناسب خواک مہیاکرتے ہیں اور نہ ہی ان کی دیکھ بھال سمیت موسمی و متعدی اور موزی امراض سے بچائو کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوانے کاعمل مکمل کیاجاتاہے ۔ انہوںنے بتایاکہ اس مہم کے تحت ضلع اور تحصیل کی سطح پر مویشی پال حضرات اپنی بھینسوں اور ایک ماہ کے کٹڑوں کو محکمہ لائیو سٹاک کے قریبی طبی مراکز پر رجسٹرڈ کروائیں گے جہاں ویٹرنری ہسپتالوںو ڈسپنسریز کاعملہ انہیں مفت ادویات فراہم کرے گا۔ انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کی فری ہیلپ لائن 9211سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔