مہرین جبار کی فلم ’’دوبارہ پھر سے‘‘ بڑی اسکرین پر واپسی کے لیے تیار

جمعہ 25 نومبر 2016 16:18

مہرین جبار کی فلم ’’دوبارہ پھر سے‘‘ بڑی اسکرین پر واپسی کے لیے تیار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 نومبر2016ء) معروف ہدایت کار مہرین جبار فلم ’’دوبارہ پھر سے‘‘ بڑی اسکرین پر واپسی کرنے کو تیار ہیں، فلم کل (25 نومبر) سے دنیا سمیت ملک بھر کے سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور نیویارک دونوں ہی میرے دل کے قریب ہیں، میرے پروجیکٹس میں نیویارک شہر کی کہانیاں زیادہ اس لیے دیکھنے کو ملتی ہیں کیونکہ میں نیویارک میں رہائش پذیر ہوں اور انسان اپنے ارد گرد کی زندگی کا زیادہ مشاہدہ کرتا ہے۔

فلم کی کہانی سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی کثیر الثقافت شہر میں بسنے والوں کی کہانی ہے جو پیچیدہ رشتوں اور تعلق کے گرد گھومتی ہے۔فلم کی کاسٹ میں ٹی وی اور فلم کے نمایاں چہرے صنم سعید، طوبیٰ صدیقی، عدیل حسین، حریم فاروق، علی کاظمی، عتیقہ اوڈھو، شاز خان اور موسیٰ احمد خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فلم دوبارہ پھر سے کی زیادہ تر عکسبندی نیویارک اور کراچی میں کی گئی ہیں۔

مہرین کا کہنا تھا کہ پاکستانی سینماتیزی سے ترقی کی منزلیں طے کررہا ہے، مختلف شعبوں ٹی وی کمرشلز اور ڈرامہ انڈسٹری سے لوگ فلم انڈسٹری کی طرف آرہے ہیں، کچھ کامیاب ہورہے ہیں اور کچھ نہیں تاہم کوشش جاری رکھنی چاہیے کیونکہ یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستان فلم اور سینما انڈسٹری دونوں مضبوط و مستحکم ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ فلم شائقین کو پسند آئیگی کیونکہ میں نے کمرشل فلم کے تمام لوازمات کو ملحوظ خاطر رکھا ہے تاکہ شائقین فلم سے بندھے رہیں اور اکتاہٹ کا شکار نہ ہوں۔۔

متعلقہ عنوان :