افغانستان، فوجی آپریشن اور جھڑپ میں طالبان کمانڈر سمیت 4جنگجو ہلاک

جلال آباد میں دھماکہ، پولیس افسرسمیت 2افراد ہلاک ،نامعلوم افراد نیحامد کرزئی ائیرپورٹ پر تعینات پولیس افسر کو قتل کردیا

جمعہ 25 نومبر 2016 15:33

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) افغانستان میں فوجی آپریشن اور جھڑپ کے نتیجے میں طالبان کمانڈر سمیت 4جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ جلال آباد میں دھماکے کے نتیجے میں پولیس افسرسمیت 2افراد ہلاک ہوگئے ،نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے حامد کرزئی ائیرپورٹ پر تعینات پولیس افسر کو قتل کردیا۔جمعہ کو افغان میڈیا کے مطابق صوبہ ننگرہار میں فوجی آپریشن اور جھڑپ کے دوران طالبان کمانڈر سمیت 4جنگجو ہلاک ہوگئے ۔

صوبائی پولیس کمانڈنٹ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ طالبان کمانڈر کی شناخت گورزنگ کے نام سے ہوئی ہے جسے ضلع ہیسراک میں ایک جھڑپ کے دوران ہلاک کیاگیا ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جھڑپ کے دوران دو جنگجو زخمی بھی ہوئے ۔صوبائی پولیس کمانڈنٹ کے مطابق اسی ضلع میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 2جنگجو ہلاک ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ادھر جلال آباد شہر میں بم دھماکے میں 2افراد ہلاک اور6زخمی ہوگئے ۔

صوبائی پولیس کے ترجمان عطااللہ کھوگیانی کا کہنا ہے کہ دھماکہ ننگرہار پولیس ہیڈ کوارٹر کے قیدی مرکز کے سربراہ حکیم خان کے گھر کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں وہ اپنے بیٹے سمیت ہلاک ہوگیا۔جلال آباد میں ہی ایک اور دھماکے میں پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ادھر صوبہ پروان میں نامعلوم افراد نے پولیس افسر کو قتل کردیا۔واقعہ ضلع جبال سراج میں پیش آیا جہاں نامعلو م مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میںحامد کرزئی ائیرپورٹ پر تعینات پولیس افسرہلاک ہوگیا۔