فاٹا کو پاکستان کا پانچواں آئینی صوبہ بنایا جائے ، این ڈی ایف

فاٹا کو صوبہ بنانے سے نہ صرف وفاق مستحکم ہو گا بلکہ قائد اعظم کافاٹا کے عوام سے کیا گیا وعدہ بھی پورا ہو گا، این ڈی ایف تکنیکی ماہرین کے اجلاس میں مطالبہ

جمعہ 25 نومبر 2016 14:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) موجودہ حالات اور تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پرفاٹا کواسلامی جمہوریہ پاکستان کا پانچواں آئینی صوبہ بنایاجائے ۔ فاٹا کو صوبہ بنانے سے نہ صرف وفاق پاکستان مستحکم ہو گا بلکہ بانی ئِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا فاٹا کے عوام کے ساتھ کیا گیا دیرینہ وعدہ بھی پورا ہو گا۔

یہ مطالبہ متفقہ طور پر نیشنل ڈیموکریٹک فائونڈیشن ( این ڈی ایف ) کے تکنیکی ماہرین نے ج این ڈی ایف سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں کیا جس کی صدارت این ڈی ایف کے وائس چیئرمین سہیل کیست نے کی ۔اس سے قبل 22جون 2013 کوفاٹا کے عمائدین پر مشتمل جرگہ کی جانب سے فاٹا اعلامیہ اور این ڈی ایف کے اسٹیک ہولڈرز کے نکتہ نظر کی روشنی میں پاکستان سوشل سروسز پارٹنر شپ( پی ایس ایس پی) کے تمام ممبران کے مابین وسیع مشاورت کی گئی تھی جس کے بعد این ڈی ایف کے ماہرین نے اس مسئلے کو زیر غور لایا۔

(جاری ہے)

ماہرین طویل غور و غوض کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ فاٹا کو الگ صوبہ بنانے کی حمایت کی جائے ۔ سہیل کیست نے ماہرین کی جانب سے آئین پاکستان کے آرٹیکل 1کی دفعات کی تشریح کو سراہااور اجلاس کے شرکاء کوبتایا کہ این ڈی ایف کے چیئرمین کنور محمد دلشاد پہلے ہی ایک خط میں اپنی سفارشات چیئرمین سینیٹ، صدر اور وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان اور چیئرمین فاٹا ریفارم کمیٹی سرتاج عزیزکو ارسال کر چکے ہیں کہ فاٹا کو پاکستان کا پانچواں آئینی صوبہ بنایا جائے ۔

اجلاس میں این ڈی ایف کے ٹیکنیکل ممبر کنور محمد جاوید اقبال نے مشورہ دیا کہ تمام ذمہ داران سے قومی مشاورت کا آغاز کیا جائے ۔این ڈی ایف کے ایڈوکیسی کوآرڈینیٹر سفیر حسین شاہ کی تجویز تھی کہ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا سے فاٹا کے معاملے پر قومی مشاورت میں کردار اداکرنے کی درخواست کی جائے تاکہ وسیع پیمانے پر قومی مشاورت کے مقاصد پورے ہو سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر فاٹا کو صوبہ بنانے کے حوالے سے قومی کانفرنس کے انعقاد اورقومی سطح پر مفید مشاورت کا متفقہ فیصلہ کیا گیا جس کے بعد قومی اتفاق رائے سے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لیے قرارداد لانے کی راہ ہموار کی جائے گی ۔ نیشنل ڈیموکریٹک فاؤنڈیشن (این ڈی ایف) کے چیئر مین کنور محمد دلشاد نے شرکاء کو بتایا کہ صوبہ خیبر پختون خوا کی قانون ساز اسمبلی سے فاٹا کو صوبہ بنانے کی قرار داد منظور کرانے کے لئے عوامی رائے عامہ ہموار کرنے کے لئے قومی سیمینار منعقد کرائے جائیں گے۔