ترشاوہ پھلوں کی برداشت کے بعد پیداوار کو گریڈنگ کر کے مارکیٹ بھیجنے کی ہدایت

جمعہ 25 نومبر 2016 13:16

سلانوالی۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)ماہرین زراعت نے باغبانوں اور کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ وہ ترشاوہ پھلوں کی برداشت کے بعد پیداوار کو گریڈنگ کرکے مارکیٹ پہنچائیں اکثر اوقات پھل کو سیزن کے شروع میں توڑلیا جاتا ہے جبکہ پھل ابھی پوری طرح نہیںتیار ہوتا جس سے پھل کی فعلیاتی اور تجارتی پختگی دونوں متاثر ہوتی ہیں، پھل جسامت میں کم رہتا ہے رنگت میں سبز اور بیرونی دلکشی و جازبیت سے محروم ہونے کی وجہ مارکیٹ میں مناسب قیمت حاصل نہیں کرسکتا پھلوں کو پودوں سے توڑنے کے بعد ایک اہم عمل ان کی درجہ بندی ہے اس عمل میں پھلوں کوایک چٹائی یا فیکٹری میں کنوئر بیلٹ پر چھانٹا جاتا ہے اور پھلوں کو مختلف گروہوں یا گریڈز میں تقسیم کیا جاتا ہے پھلوں کی درجہ بندی کے لئے پھل کا سائز بیماری سے پاک ہونا جلد کا صاف اورمضبوط ہونا اور رنگت کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے عالمی مارکیٹ کے معیار کے مطابق پھلوں کو تین گریڈز لاثانی ،اول ،اور درجہ دوم میں تقسیم کیا جاتا ہے گریڈنگ کے بعد پھلوں کی پیکنگ کا عمل انتہائی اہم ہے پھلوں کی پیکنگ سے پھل خوبصورت اور دلکش ہونے کے علاوہ اس کی عمر میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔