بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئی علماء مشائخ کونسل قائم کردی گئی ہے‘ دینی مدارس کے نصاب میں نفرت انگیز مواد کے خاتمے کے لئے نصاب کمیٹی قائم کی گئی ہے

وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات کا ایوان بالا میں جواب

جمعہ 25 نومبر 2016 12:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے کہا ہے کہ بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے قومی علماء مشائخ کونسل قائم کردی گئی ہے‘ دینی مدارس کے نصاب میں موجود نفرت انگیز مواد کے خاتمے کے لئے بھی نصاب کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر طاہر حسین مشہدی اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر مختلف مذاہب کے تہوار بھی منائے جارہے ہیں تاکہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔

علماء مشائخ کونسل میں تمام وفاقوں ‘ تمام مکاتب فکر اور صوبوں کی نمائندگی موجود ہے۔ مدارس کے نصاب سے نفرت انگیز مواد کو ہٹانے کے لئے بھی کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی علماء و مشائخ کونسل کے زیر اہتمام سٹیئرنگ اور نصاب کی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے اور ان کمیٹیوں نے تجویز دی ہے کہ قومی سطح پر علماء بورڈ قائم کیا جائے۔