ڈی سی او کی شہر میں کمرشل عمارتوں کی غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر روکنے کی ہدایت

جمعہ 25 نومبر 2016 10:53

فیصل آباد۔24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)ڈی سی او سلمان غنی نے ہدایت کی ہے کہ شہر میں کمرشل عمارتوں کی غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر روکا جائے اور سرکاری طور پر منظوری کے بغیر کوئی پلازہ یا کمرشل بلڈنگ تعمیر نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے یہ ہدایت ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں پلازوں و دیگر کاروباری عمارات کی تعمیر کی منظوری کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈی او سپیشل پلاننگ معظم مصطفیٰ نے کمرشل عمارتوں کی تعمیر کی منظوری کے کیسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں ٹی ایم ایز،ایف ڈی اے،ہائوسنگ،ٹریفک اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈی سی او نے ٹی ایم ایز کے افسران سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں میں زیر تعمیر کمرشل عمارتوں کو چیک کرکے ان کی منظوری کے معاملات کا جائزہ لیں اور تمام تر تعمیرات منظور شدہ نقشوں کے مطابق ہونی چاہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ کمرشل عمارتوں کی بیسمنٹ میں پارکنگ کی جگہ اسی مقاصد کیلئے استعمال ہونی چاہیں خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس موقع قواعد و ضوابط،شرائط اور بلڈنگز بائی لاز کے تقاضوں کو پورا کرنے والی کمرشل عمارتوں کو تعمیر کی منظوری دی گئی جبکہ پرانی عمارتوں کی جگہ پر نئی کمرشل عمارتیں تعمیر کرنے کی منظوری کے سلسلے میں پہلے سے موجود عمارتی ڈھانچے کو مسمار کرنے کا پلان جمع کرانے کی ہدایت کی گئی اور بعض کیسز میں عمارتوں کے ڈیزاین کو موسمی اثرات اور شہری خوبصورتی کے مطابق بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ڈی سی او نے کہا کہ گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں میں کمرشل عمارتوں کی بلندی طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہونی چاہیئے۔