حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کی سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے ،نثار احمد کھوڑو

جمعرات 24 نومبر 2016 22:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2016ء) سندھ کے وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبے کے تمام شہری اور دیہی کے علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل سے پوری طرح واقف ہے اور وہ انہیں حل کرنے کی سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے ۔ سینئر وزیر جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ارکان کے مختلف توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔

ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی سیف الدین خالد کا کہنا تھا کہ ان کے حلقہ انتخاب اورنگی ساڑھے 11 نمبر میں ایک واٹر پمپ کافی عرصے سے خراب پڑا ہے ۔ جو 4 یو سی کو پانی فراہم کرتا تھا ۔ اس کے نتیجے میں علاقہ مکین پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں ۔ نثار کھوڑو نے بتایا کہ الحمراء پمپنگ اسٹیشن واقعی خراب ہے ۔

(جاری ہے)

اورنگی ٹاؤن میں بغیر کسی منصوبہ بندی کے آبادی میں اضافہ ہوا ہے ۔

جس جگہ پر پمپنگ اسٹیشن ہے ، وہ علاقہ نیچے ہو گیا ہے ۔ بارشوں کے دوران الحمراء پمپنگ اسٹیشن میں پانی داخل ہو جانے کی وجہ سے فنی خرابی پیدا ہوئی ، جس کی مرمت کے لیے کام ہو رہا ہے ۔ ایم کیو ایم کی خاتون رکن اسمبلی رانا انصار نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں بتایا کہ عمر کوٹ میں 100 اسکولز ہیں ، جن میں سے 65 بند پڑے ہیں ۔ جس کے نتیجے میں بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔

وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈاہر نے کہا کہ 2013 میں عمر کوٹ کے اسکولوں کے لیے اساتذہ بھرتی کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن وہ مطلوبہ معیار اور قابلیت پر پورا نہیں اترتے تھے ۔ اب حکومت سندھ نے اس سلسلے میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے رجوع کیا ہے اور توقع ہے کہ ایک ماہ کے اندر اہل اساتذہ کی تقرری کا کام مکمل کر لیا جائے گا ۔ ایم کیو ایم کے محمد سلیم راجپوت نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں نشاندہی کی کہ غلام محمد میڈیکل کالج سکھر کا تعمیراتی کام گذشتہ 13 سال سے جاری ہے لیکن ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا ہے ۔

انہوں نے شکایت کی کہ سکھر کو دوسرے ترقی کاموں میں بھی نظرانداز کیا جا رہا ہے ۔ صوبائی وزیر ماحولیاتی ترقی ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ غلام محمد مہر میڈیکل کالج کا منصوبہ 2003 کا نہیں بلکہ 2011 کا ہے ۔ اس اسکیم پر کام میں تاخیر کا سبب فنڈز کی عدم دستیابی تھا ۔ اس سال جو ترقیاتی فنڈز جاری ہوئے ہیں ۔ اس سال منصوبے کے لیے 50 فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں اور منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا کہ سندھ ٹیکنیکل بورڈ کراچی کے نتائج تبدیل کر دیئے گئے ہیں ۔ وزیر تعلیم یہ بتائیں کہ ذمہ دار افراد کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ۔ وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈاہر نے کہا کہ سندھ ٹیکنیکل بورڈ کراچی کے نتائج تبدیل نہیں کیے گئے بلکہ کراچی کے تعلیمی بورڈ کے نتائج تبدیل کرنے کی شکایت سامنے آئی تھی ، جس پر حکومت سندھ نے مناسب کارروائی کی ۔