Live Updates

کراچی، تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی کی تحریک التواء مسترد

صوبائی وزیر پارلیمانی امورکا تحریک ا لتواء کے الفاظ پر اعتراض

جمعرات 24 نومبر 2016 22:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2016ء) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان کی ایک تحریک التواء کو اسپیکر آغا سراج درانی نے خلاف ضابطہ قرار دے کر مسترد کر دی ۔ محرک کا کہنا تھا کہ پورے سندھ میں گھوسٹ اسپتالوں ، گھوسٹ میڈیکل ایمپلائز کی وجہ سے سندھ کے لوگ طبی سہولتوں سے محروم ہیں اور انہیں مسائل کا سامنا ہے ۔

صوبائی وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے تحریک کی مخالفت کرتے ہوئے اس میں استعمال کیے جانے والے الفاظ پر اعتراض کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گھوسٹ سے مراد عام طور پر جن بھوت سے لیا جاتا ہے ۔ سرکاری اسپتال کس طرح گھوسٹ ہو سکتے ہیں ۔ ہم نے تو کبھی وہاں کوئی جن بھوت نہیں دیکھا ۔ انہوںنے کہا کہ محرک خرم شیر زمان نے اپنی تحریک پیش کرتے ہوئے خود ہی یہ اعتراف کیا ہے کہ تحریک ڈرافٹ کرتے وقت الفاظ کے چناؤ میں ان سے غلطی ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی سید سردار احمد نے بھی نثار کھوڑو کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں کوئی تحریک یا قرار داد پیش کرتے ہوئے رکن اسمبلی کو الفاظ کا چناؤ مناسب انداز میں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گھوسٹ کی اصطلاح اسپتالوں اور سہولتوں کے حوالے سے استعمال نہیں کی جا سکتی ۔ وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ارکان ایوان میں سنجیدہ مسائل پر بات کرنے کے لیے آتے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان کو یہ سوچنا چاہئے کہ ان کی پارٹی کے رکن نے جس انداز میں تحریک پیش کی ہے ، اس سے ان کے پارلیمانی گروپ کے اہلیت کی عکاسی ہو گی ۔ بعد ازاں اسپیکر نے ان کی تحریک التواء کو خلاف ضابطہ قرار دے دیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات