نواز حکومت پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دیئے گئے چار مطالبات منظور کرے ، وقار مہدی، سینیٹر عاجز دھامرہ

بصورت دیگر 27 دسمبر پر لائحہ عمل اختیار کرکے تحریک چلائی جائے گی کیونکہ نواز لیگ کے ایک وزیر نے ہمارے تین مطالبات مانے ہیں

جمعرات 24 نومبر 2016 22:45

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے نو منتخب سیکرٹری جنرل وقار مہدی اور اطلاعات سیکریٹری سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا ہے کہ نواز حکومت پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دیئے گئے چار مطالبات منظور کرے بصورت دیگر 27 دسمبر پر لائحہ عمل اختیار کرکے تحریک چلائی جائے گی کیونکہ نواز لیگ کے ایک وزیر نے ہمارے تین مطالبات مانے ہیں اس لیے انہیں چاہیے کہ ایک اور مطالبہ بھی منظور کریں۔

گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہدا کے مزاروں پر حاضری دینے اور فاتح خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پیپلز پارٹی پر الزام لگارہے ہیں کہ ہم مک مکا کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جو الزام سراسر ظلم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پانامالیکس کا بل آدھے میں چھوڑ کر اسٹریٹ پاور کا راستہ اختیار کیا انہوں نے ہی نواز شریف کو اسپیس دیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان خود مک مکا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مقدمے کی سماعت کے لیے پیپلز پارٹی کے وکیل کا انتخاب کیا ہے اور اب وہ پیپلز پارٹی کے وکلا کا سہارا لے رہے ہیں جس کے باعث پیپلز پارٹی کے وکلا وہ مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے مرتضیٰ وہاب کے خلاف دیئے گئے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چئلنج کیا ہے کیونکہ دیگر صوبوں میں بھی مشیر کام کررہے ہیں اور انہیں محکمے بھی ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چار دسمبر پر پیپلز پارٹی کی جانب سے ثقافتی دن کا لاہور میں افتتاح کریں گے جو سات روز تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، کوچیئرمین آصف علی زرداری کے نہایت شکر گذار ہیں جنہوں نے عوام کی رائے کا احترام کرکے ہمیں عہدے دیئے ہماری کوشش ہوگی کہ ہم پیپلز پارٹی کے قائدین کے دیئے گئے منشور پر عمل کرکے غریب اور مسکین لوگوں کی خدمت کریں۔