سینٹرلائز ڈیٹا کلکشن کیلئے ویب سائٹ متعارف کروائی ، ڈاکٹر سکندر شورو

تقریبا5000افراد نے روزگار حاصل کرنے کے لئے ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروائی

جمعرات 24 نومبر 2016 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا ہے کہ موجودہ پی پی پی حکومت نے جدید ٹیکنا لوجی کا استعمال کرتے ہوئے سینٹرلائز ڈیٹا کلکشن کے لئیwww.sindhrozgar.gos.pkمتعارف کروائی ہے تاکہ صاف وشفاف اور میرٹ کے اصولوں کو مزید بہتر بناتے ہوئے اہل افراد کو ان تجربات اور تعلیم کے مطابق روزگار فراہم کی جاسکے ۔

اب تک تقریبا 5000افراد نے اس ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروائی ہے اور رجسٹرڈ افراد باآسانی سرکاری نوکریوں کے اشتہارات کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرسکتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام حکومتی ادارے ملازمت کے اشتہارات کے متن میں اس ویب سائٹ کو شامل کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ روزگار کی ویب سائٹ کی کارکردگی کے بارے میں بلائے گئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکریٹری ائی ایس اینڈ ٹی پرویز سیھڑ اور مختلف محکموں کے افسران اور فوکل پرسنز نے شرکت کی ۔ڈاکٹر سکندر شورو نے ان افسران پر برہمی کا اظہار کیا جنہوں نے ملازمت کے اشتہارات میں سندھ روزگار کی ویب سائٹ کا تذکرہ نہیں کیا اور کہا کہ اس لئے ضروری ہے کہ جن امیدواروں نے پوسٹ کے ذریعے درخواستیں جمع کرائی ہیں ان کی درخواستوں کو متعلقہ محکمے آن لائن اپ ڈیٹ کریں اور اگر اس سلسلے میں کو ئی دشواری پیش ائے تو محکمہ انفارمیشن ،سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی ان کی معاونت کے لئے تیار ہے ۔آخر میں ڈاکٹر سکندرشورو نے مزید کہا کہ جن محکموں کے افسران اس اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ان محکموں کے سیکریٹریز کو بھی خط ارسال کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :