سندھ اسمبلی نے اقلیتی برادری کیلئے متفقہ طور پر سندھ کریمنل لاء (پروٹیکشن آف منارٹی)بل 2015کی منظوری دیدی

جمعرات 24 نومبر 2016 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے کے لئے سندھ اسمبلی نے متفقہ طورپر سندھ کریمنل لاء (پروٹیکشن آف منارٹی)بل2015کی منظوری دی ۔یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی انہوں نے کہا کہ اس بل کے ذریعے زبردستی مذہب کی تبدیلی میں خاطر خواہ کمی آئے گی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ بل کی منظوری کے بعد ان افراد کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کرنا آسان ہوگی جو مذہب کی زبردستی تبدیلی میں سہولت کار کا کردار ادا کرتے ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اپنا کر دارمزید موثر انداز سے ادا کریں انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستان بالخصوص سندھ کی معاشی ترقی اور ملکی استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم مل جل کر ملک کے استحکام اور سلامتی کے لئے باہمی رابطوں کو مزید موثر اور مضبوط بنائیں۔

متعلقہ عنوان :