اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ قاتلانہ حملے میںجاں بحق ،سیکرٹری زخمی ،پولیس نے شک کی بناء پر حراست میں لے لیا

واقعہ علی الصبح ہربنس پورہ میں پیش آیا ،گھات لگائے ملزمان نے گاڑی روک کر پہلے لوہے کے راڈ سے شیشے توڑے ،پھر فائرنگ کی ‘ زخمی سیکرٹری کا بیان پولیس نے شواہد اکٹھے کر تحقیقات شرو ع کر دیں ، ساتھی اداکارائوں سے بھی پوچھ کی جائیگی/کسی سے کوئی دشمنی نہیں‘ والدہ کی گفتگو ساتھی اداکارائیں ہسپتال پہنچ گئیں، دھاڑیں مار مارکر روتی رہیں

جمعرات 24 نومبر 2016 22:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2016ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ ہر بنس پورہ میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ جاں بحق جبکہ ان کا سیکرٹری زخمی ہو گیا ، ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی جبکہ زخمی سیکرٹری کو شک کی بناء پر حراست میں لے لیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ اداکارہ قسمت بیگ اسٹیج پر پرفارمنس دینے کے بعد اپنے سیکرٹری علی رضا کے ہمراہ اپنے گھر ہربنس پورہ جارہی تھیں کہ راستے میں گھات لگائے ملزمان نے ان کی گاڑی کو روک لیا جن میں سے دو ملزمان نے لوہے کے راڈ سے گاڑی کے شیشے توڑے اور ان کے سر پر بھی وار کئے ۔ اسی دوران ملزمان نے فائرنگ بھی کر دی جس سے قسمت بیگ او ران کا سیکرٹری زخمی ہو گیا ۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پرپہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ قسمت بیگ کو 11گولیاں لگیں اور ڈاکٹرز نے ان کے جسم سے گولیاں نکالنے کے لئے چھ گھنٹے کاطویل آپریشن کیا ۔ ڈاکٹروں کی طرف سے سر توڑ کوشش کے باوجود قسمت بیگ کی جان نہ بچائی جاسکی او روہ دم توڑ گئیں۔بتایاگیا ہے کہ سیکرٹری کو صرف ٹانگ میں ایک گولی لگی ۔

دوسری جانب پولیس نے جائے وقوع سے تمام شواہد اکٹھے کرکے ملزموں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا۔بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ علی الصبح ہربنس پورہ کے علاقے میں پیش آیا ۔سیکرٹری علی رضا کے مطابق راستے میں پہلے سے گھات لگائے افراد نے گاڑی روک کر لوہے کے راڈ سے گاڑی کے شیشے توڑے او راداکارہ کے سر پر بھی وار کئے اور بعد ازاںفائرنگ کر دی ۔

والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی پر پہلے بھی دو مرتبہ فائرنگ کی جا چکی ہے ۔ ان کی کسی سے بھی ذاتی دشمنی نہیں ۔ بتایاگیا ہے کہ پولیس نے شک کی بناء پر زخمی سیکرٹری کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ قسمت بیگ کی ساتھی اداکارائوں سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی ۔ دوسری طرف سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر ) امین وینس نے اداکارہ پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔اداکارہ قسمت بیگ کے انتقال کی خبر ملتے ہی ان کی ساتھی اداکارائیں سروسز ہسپتال پہنچ گئیں اور دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں۔

متعلقہ عنوان :