کامسیٹس یونیورسٹی کے طلباء کی تصدیق کے لئے دائر درخواست پر ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مزید تجاویز طلب

جمعرات 24 نومبر 2016 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے کامسیٹس یونیورسٹی کے 2800 طلباء کی دوہری ڈگری پروگرام کے تحت جاری کردہ ڈگریوں کی تصدیق کے لئے دائر درخواست پر ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مزید تجاویز طلب کرتے ہوئے سماعت 29نومبر تک ملتوی کر دی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے روبرو درخواست گزار 100 سے زائدطلبا کی جانب سے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کامسیٹس یونیورسٹی نے طلباء سے دوہری ڈگری کے تحت لاکھوں روپے فیس وصول کی ،ڈگری کے اجراء کا وقت آیا تو یونیورسٹی نے برطانوی یونیورسٹی کی ڈگری کی آفرکردی ۔

برطانوی یونیورسٹی لنکاسٹرکی ڈگری کہیں سے تصدیق شدہ نہیں،ہائرایجوکیشن کمیشن کوبرطانوی یونیورسٹی لنکاسٹرکی ڈگری کی تصدیق کاحکم دیا جائے ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے وکیل ساجد اعجاز ہوتیانہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کامسیٹس یونیورسٹی نے قوانین کو نظر انداز کر کے طلباء سے پیسے ہتھیانے کے لئے دوہری ڈگری پروگرام شروع کیا ۔

کامسیٹس یونیورسٹی نے دوہری ڈگری کے اجراء سے قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان انجئنرنگ کونسل اور برطانوی انجینئرنگ کونسل سے بھی منظوری حاصل نہیں کی طلباء کے مستقبل کو بچانے کے لئے ایک ڈگری کی تصدیق کی جا سکتی ہے لنکاسٹر یونیورسٹی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں لہٰذا معزز عدالت سے استدعاہے کہ عدالت کامسیٹس یونیورسٹی کو طلباء سے دوہری ڈگری کے نام پر ہتھیائی گئی رقم واپس کرنے کا حکم دیا جائے ۔ فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 29نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مزید تجاویز طلب کرلیں۔