ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے جامع منصوبہ بنایا جائے

وزیراعظم محمد نواز شریف کی قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے مشیر عرفان صدیقی سے گفتگو عرفان صدیقی نے وزیراعظم کو مزار قائد کیلئے نئے فانوس کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا

جمعرات 24 نومبر 2016 18:59

اسلام آباد۔ 24 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔ وہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے مشیر عرفان صدیقی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو وزیراعظم ہائو س میں ان سے ملاقات کی۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مشیرعرفان صدیقی نے وزیراعظم کو اپنے ڈویژن کے تحت چلنے والے اداروں کی کارکردگی اور آئندہ کے پروگراموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم کو قائداعظم محمد علی جناح کے مزار کے لئے چین کے تعاون سے تیار کئے جانے والے نئے فانوس کے بارے میں بھی تفصیلات بتائیں جو تیاری کے آخری مراحل میں ہے اور اگلے ماہ کے شروع تک اسے مزار میں نصب کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی تاریخ سے آگاہی قومی اتحاد و یکجہتی کے لئے بہت ضروری ہے۔ نئی نسل کو اپنی تاریخ کے ہیروز اور زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دینے والی شخصیات سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اہل علم و ادب کی سرپرستی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔