پاکستان خطے میں بالخصوص بھارت کیساتھ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے،بھارت کو کشمیر کے حوالے سے کئی بار مذاکرات کی دعوت دی لیکن نئی دہلی نے کبھی بھی مثبت جواب نہیں دیا،پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ایل او سی پر سویلین کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش ہے۔بھارت ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے،دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعرات 24 نومبر 2016 18:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء) دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان خطے میں بالخصوص بھارت کیساتھ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے،بھارت کو کشمیر کے حوالے سے کئی بار مذاکرات کی دعوت دی لیکن نئی دہلی نے کبھی بھی مثبت جواب نہیں دیا۔پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ایل او سی پر سویلین کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش ہے۔

بھارت ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اہم ملکوں کیساتھ پر زور انداز میں اٹھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میںبھارتی مظالم اور ایل او سی پر سویلین آبادی کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش لا حق ہے۔ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز اجلاس کے دوران بھارت کو پیغام دیا گیا کہ سویلین کو نشانہ بنانا ناقابل برداشت ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت ایل او سی پر فائرنگ سے مقبوضہ کشمیر میں اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے اور مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

مختلف ملکوں کی سول سوسائٹی کی تنظیموں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کی غرض سے مہم شروع کر رکھی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ایک ہزار پچاس افراد شہید اور ایک ہزار سے زائد بصارت سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ ساٹھ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ایک سوال کا جوابدیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارتی فائرنگ کا منة توڑ جواب دیتا ہے لیکن ہماری فوج کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ سویلین نشانہ نہ بنیں بلکہ بھارتی فوجی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت نے کھلم کھلاکہہ دیا ہے کہ وہ سی پیک کیخلاف ہے جبکہ گرفتار بھارتی را ایجنٹ کلبھوشن نے بھی پاکستان کے اندر تخریبی سرگرمیوں اور سی پیک کیخلاف بھارتی مذموم عزائم کا اعتراف کیا ہے۔افغانستان سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کی غرض سے تمام اقدامات کا خیر مقدم کرتا ہے۔