نیب راولپنڈی نے میگا کرپشن ڈرگ کیس میں سابق چیئرمین ڈرگ پرائسنگ کمیٹی ارشد فاروق فہیم کو گرفتار کر لیا

ملزم پر 8 فارما سیوٹیکل کمپنیوں/فرموں کو ان کی ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ کی منظوری دے کر مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے

جمعرات 24 نومبر 2016 18:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء) نیب راولپنڈی بیورو نے میگا کرپشن ڈرگ کیس میں سابق چیئرمین ڈرگ پرائسنگ کمیٹی (ایڈیشنل سیکرٹری وفاقی محتسب سیکرٹریٹ) ارشد فاروق فہیم کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم پر 8 فارما سیوٹیکل کمپنیوں/فرموں کو ان کی ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ کی منظوری دے کر مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 1078.08 ملین روپے کا نقصان پہنچا جس میں سے 400 ملین روپے وصول کئے جا چکے ہیں، اس مقدمہ میں نیب 8 ملزموں سابق سیکرٹری کم ممبر ڈرگ پرائسنگ کمیٹی ڈاکٹر محمد علی، ڈائریکٹر میسرز میپل فارما سیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ احسان فیروز، پروپرائٹر میسرز اخائی ایجنسیز عارف عزیز اخائی، ڈائریکٹر ایکسل ہیلتھ کیئر لیبارٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ عامر صدیق، ڈائریکٹرز میسرز گلیکسی فارما پرائیویٹ لمیٹڈ سیف الرحمن، خلیل الرحمن، ڈائریکٹرز میسرز مارٹن ڈائو لمیٹڈ رضوان عمر اور مقتدر ایم اے جاوید کو گرفتار کر چکا ہے، احتساب عدالت اسلام آباد نے دو روز قبل ان ملزموں کو مزید تحقیقات کیلئے نیب کے حوالے کیا تھا۔

(جاری ہے)

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق نیب راولپنڈی نے عدالت میں یہ مؤقف اختیار کیا کہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کے ممبران نے ان فارما سیوٹیکل کمپنیوں/فرموں سے ملی بھگت کرکے ڈی پی سی کے اجلاس منعقدہ9 اکتوبر 2012ء اور 22 جنوری 2013ء اور 19 نومبر 2012ء کو ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں مذکورہ کمپنیوں کی ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی طریقہ سے اضافہ کی منظوری دی۔ ملزمان نے مذکورہ فارما سیوٹیکل کمپنیوں سے غلط طریقہ سے مالی فائدہ حاصل کرکے قومی خزانہ کو 1078.08 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

مذکورہ کمپنیوں نے جعلی، غلط اور نامکمل انوائسز کے ذریعے اپنی ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی طریقہ سے اضافہ کرایا جس سے عوام کو ناقابل برداشت بوجھ برداشت کرنا پڑا۔ اس مقدمہ کے دو ملزمان طارق حیدر اور میاں محمد خالد کو نیب نے گرفتار کیا تاہم وہ ڈائریکٹر میسرز سیفرون فارما سیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ سے اپنے ذمہ واجب الادا 385.12 ملین روپے اور 15 ملین روپے ادا کرنے کے بعد احتساب عدالت سے رہا ہو گئے۔

ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ نیب چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بلاامتیاز بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے نیب کی قانون پر عملدرآمد کی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے ان ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے بھرپور کوششیں کرنے پر نیب راولپنڈی کے تفتیشی افسر محمد سلیم احمد خان کی کارکردگی کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :