چکوال،موٹروے پولیس کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی اورٹریفک قوانین سے آگاہی بارے واک

جمعرات 24 نومبر 2016 16:40

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء) موٹروے پولیس کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی اورٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بارے واک کا اہتمام کیا گیا ۔واک کی قیادت ڈی سی او محمود جاوید بھٹی اور ڈی پی او منیر مسعود مارتھ نے کی ۔اس موقع پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز کے ایس ایس پی شہریار خان بھی موجود تھے۔ واک میں ڈسٹرکٹ آفیسرریسکیو 1122ڈاکٹر عتیق احمد، چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر راجہ منصور احمد، ٹرانسپورٹرزکے علاوہ کیڈٹ کالج چکوال، روڈ سفیٹی انسٹی ٹیوٹ کے زیر تربیت ڈرائیورز اور ریسکیو1122کے عملے اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے چیدہ چیدہ افراد کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے بھی خصوصی شرکت کی۔

واک یادگار شہداء سے شروع ہوکرکمیونٹی سنٹر پر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر روڈ سیفٹی کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے۔ کمیونٹی سنٹر میںخطاب کرتے ہوئے ڈی سی او محمود جاوید بھٹی نے کہا کہ موٹر وے آج اپنی19ویں سالگرہ منا رہی ہے اور اس تھوڑے سے عرصے میں موٹر وے پولیس نے اپنی دیانت، لگن اور مہارت سے پورے ملک کے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے۔

ڈی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ موٹر وے پولیس نے بہت کم عرصے میں اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر اپنا آپ منوایا ہے۔ ایس ایف پی موٹر وے شہریار خان نے بتایا کہ موٹر وے پر کئے جانے والے سنجیدہ اقدامات کے پیش نظر حادثات کی شرح صرف 5 فیصد رہ گئی ہے البتہ جی ٹی روڈ اور ہائی ویز پر ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ جی ٹی روڈ پر موٹر سائیکل،چنگ چی، گدھا گاڑیاں اور ٹریکٹر ٹرالیاں حادثات کا سبب بن رہی ہیں۔

بعد ازاں ایس ایس پی موٹر وے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پولیس کے مقاصد میں سب سے زیادہ اہمیت روڈ سیفٹی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایجوکیشن کا بہترین ذریعہ بچے تصور کئے جاتے ہیں لہذا موٹروے پولیس نے بھی بچوں کی انتہائی نچلی سطح سے لے کر یونیورسٹی لیول تک روڈ سیفٹی کی آگاہی کے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ان پروگراموںمیںروڈ سیفٹی واک ، روڈ سیفٹی سیمینار، روڈ سیفٹی ورکشاپ کا انعقاد شامل ہے۔

انہوں نے خصوصی طور پر والدین سے درخواست کی کہ وہ ٹریفک ڈسپلن کے حوالے سے شروع سے ہی اپنے بچوں میں آگاہی پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ روڈ یوزرز کو مدد فراہم کرنا،روڈ یوزرز کواخلاق سے پیش آنااور اپنے آپ کو خدمت کے جذبے سے سرشار رکھنا ہی ہما رے اولین مقاصد ہیں،اسی لیے موٹروے پولیس نے بہترین لائسنسنگ سسٹم اور ڈرائیوروں کی تربیت کے لئے روڈ سیفٹی کا ادارہ قائم کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :