عکس ریسرچ سینٹرصنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف کل سے 16 ریڈیو پروگرامز پر مبنی سیریز لانچ کرے گا

جمعرات 24 نومبر 2016 16:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء) عکس ریسرچ سینٹرصنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف کل (جمعہ) سے 10دسمبر تک عالمی سطح پر منائی جانے والی16 روزہ مہم کے عنوان کے تحت "دنیا میں امن ،ہرگھر میں امن : با حفاظت تعلیم سب کے لئے " سی اظہاریکجہتی کے لئے 16 ریڈیو پروگرامز پر مبنی سیریز لانچ کرے گا۔ اس کا عنوان "امن کی شمع سے علم کی لو" ہے ۔

اس میں قومی تناظرمیںخواتین کی تعلیم سے متعلق درپیش مسائل کو سامنے لایا گیا ہے۔ریڈیو پروگراموں کا یہ سلسلہ 25 نومبرسی10 دسمبر تک جاری رہے گا۔ عکس کی ویب سائٹ www.uksresearch.com پر بھی ریڈیو پروگرام سنے جا سکیں گے۔ سیریز کا پہلا پروگرام 25 نومبر کو پاکستان کے سب سے بڑے ریڈیونیٹ ورک FM 89.4 سہ پہر 3بجے سن سکیں گے۔لڑکیوں کی راہ میں حائل سماجی اورمعاشی رکاوٹوں کے پیش نظرانہیں اپنے بنیادی انسانی حق"تعلیم" سے محروم ہونا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

صنفی مساوات انڈیکس (جی ای آئی) کے مطابق پاکستان کا نمبر 144 ممالک میں 143واں ہے۔ اس عشرے میں پاکستان میں خواتین کے تحفظ سے متعلق قانون سازی کی گئی اورکئی پالیسیاںبھی مرتب کیں۔مگر اس کے باوجود خواتین کے خلاف تشدد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد کی جڑیں ہمیں پدر سری نظام میں نظر آتی ہیں ۔ رنگ ، نسل ، طبقے اور دیہی اور شہری تقسیم سے بے نیاز یہ اشاریے ہمارے معاشرے،گھروں اور پالیسی کی سطح پرعورتوں/لڑکیوںکی حیثیت کومخصوص ڈھانچے میں ڈھالتی ہیں۔

اگرچہ تعلیم پاکستان میںخواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے منصوبوں میں سرفہرست ہے مگر خواتین اور لڑکیاں معیاری تعلیم تک رسائی اور حصول سے متعلق مسائل کا شکار رہی ہیں۔ ان سولہ پروگراموں میں عکس کے پروڈیوسرز نے معاشرے کے ان تمام جانبدار اور غیر مساوی رویوںکی نشاندہی کی ہے جو لڑکیوں کی حصول تعلیم میں رکاوٹ بنتے ہیں بشمول انتہاپسندی، عدم شعور قانون و حقوق ، ناخواندگی، جبری شادی، معاشی عدم استحکام اور نقل و حرکت پر پابندی۔

دس منٹ پر مبنی یہ سولہ پروگرام عکس کی ویب سائٹ پر 10 دسمبر2016 تک سنے جا سکتے ہیں۔ عکس ریسرچ ، ریسورس اینڈ پبلیکیشن سینٹرکا مقصد خواتین کو با اختیار بنانا اور میڈیا میں اور میڈیا کے زریعے صنفی برابری اور صنفی توازن کو عام کرنا ہے۔ 2003 سے سے قائم( عکس ریڈیو پراجیکٹ) میڈیاکواپنے اس مشن کی تشہیر کے لئے استعمال کرنے کا خواہاں ہے۔