بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کی دفتر خارجہ طلبی، نیلم میں بھارتی فورسز کی جانب سے مسافر بس پر بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا،ایمبولینس کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت

بدھ 23 نومبر 2016 23:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے وادی نیلم میں بھارتی فورسز کی جانب سے مسافر بس پر بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء و سارک ڈیسک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بدھ کو وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول پر ڈھنڈیال سیکٹر میں مسافر بس پر بھارتی قابض فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ پر ایک احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔

انہوں نے بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کی جس کے نتیجہ میں 9 بے گناہ سویلین شہید اور 9 زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دانستہ شہری علاقوں، دیہاتوں، ایمبولینسوں اور مسافر بسوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نے بھارتی فورسز کی جانب سے ایمبولینس کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی جو مسافر بس کے زخمیوں کو ہسپتال لے جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ سیز فائر معاہدہ کی پابندی کرے اور مسلسل سیز فائر خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے اور بھارتی فورسز کو سیز فائر معاہدہ کے احترام کا پابند بنائے۔