خاران ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوگیا ہے، گرین انقلاب خطے میں برپا ہونے والا ہے، میر عبدالکریم نوشیروانی

بدھ 23 نومبر 2016 23:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء)مسلم لیگی رہنماء اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ خاران ترقی و خوشحالی کے نہ رکنے والے سفر پر گامزن ہوگیا ہے اور ایک گرین انقلاب اس خطے میں برپا ہونے والا ہے۔ خاران کے عوام خوش قسمت ہیں کہ الله تعالیٰ نے انہیں چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی اور جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ جیسی دو عظیم ہستیوں سے نوازا ہے جن کے بھرپور تعاون اور معاونت سے میں نے خاران میں ترقیاتی عمل کا جال بچھادیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے کراچی سے ٹیلی فون پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس محمد نور مسکانزئی اور وزیر مملکت سفیران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ جیسی شخصیات خاران جیسے خطے میں پیدا ہوئیں اور یہ خاران کے عوام کیلئے باعث فخر ہے کہ ان انصاف پسند اور ایماندار شخصیات کا تعلق خاران سے ہے جنہوں نے خاران کی پسماندگی دور کرنے کیلئے بھرپور معاونت اور تعاون کیا ان دونوں شخصیات نے خاران کے عوام کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مجھے جو کندھا دیا ہے میں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ان کی معاونت سے خاران میں جو ترقیاتی جال بچھ رہا ہے اس سے گرین انقلاب برپا ہوگا انہوں نے کہا کہ ان دونوں شخصیات نے تعلیم کے شعبے کیلئے انٹر کالج، اسکولز، عوام کیلئے واٹر سپلائی اسکیم ، سڑکوں کا جال اور ملازمتوں کے علاوہ دیگر ترقیاتی اسکیمات میں میری ہر پلیٹ فارم پر مدد کی یہاں تک کہ وزیرمملکت جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے این ایچ اے کے تعاون سے یک مچ سے لے کر وڈھ تک روڈ کا ایک بڑا تحفہ دیا ہے جو کہ سی پیک کا حصہ بنے گا اس سے نہ صرف خاران کے عوام بلکہ دالبندین اور نوشکی تفتان تک کے عوام کو بھی استفادہ ہوگا اس کے علاوہ برج، ڈیمز ،ہسپتال اور کیڈٹ کالج بھی خاران اور واشک کیلئے منظور ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ان تمام ترقیاتی اسکیمات پر جلد از جلد عملدرآمد ہوگا اور اس خطے میں ایک نہ رکنے والی ترقی اور خوشحالی آئے گی انہوں نے کہا کہ خادم خاران کے حوالے سے میری خدمات آخری دم تک اپنے عوام اور حلقے کیلئے ہیں اس سے قبل بھی میں نے خاران کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو کچھ کیا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اور میں الله تعالیٰ کے سامنے آج سجدہ ریز ہوں کہ میں خاران کے عوام کے سامنے اس حوالے سے شرمندہ نہیں لیکن اس تمام جدوجہد میں جن لوگوں نے میری ہر طرح معاونت اور تعاون کیا میں ان کیلئے بھی دُعا گو ہوں۔