کراچی،محکمہ انسداد تجاوزات کی کارروائی، سڑک اور فٹ پاتھ سے متعدد ٹھیلے، پتھارے، کیبن، کائونٹرز، تخت اور دیگر تجاوزات کا مکمل خاتمہ کردیا

بدھ 23 نومبر 2016 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے لیاقت آباد نمبر4 ارم بیکری، فردوس شاپنگ سینٹر اور سپرمارکیٹ کے دونوں جانب ،اندرونی گلیوں اور لائٹ ہائوس ایم اے جناح روڈ کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے سڑک اور فٹ پاتھ سے متعدد ٹھیلے، پتھارے، کیبن، کائونٹرز، تخت اور دیگر تجاوزات کا مکمل خاتمہ کردیا جبکہ ضبط کیا گیا تمام سامان کے ایم سی اسٹور میں جمع کرادیا، یہ کارروائی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان کی نگرانی میں کی گئی اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر بابو سعید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان اور محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ اور علاقہ پولیس بھی موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات نے لیاقت آباد سپر مارکیٹ اور ایم اے جناح روڈ پر لائٹ ہائوس سمیت دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرکے ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لئے علاقے کو تجاوزات سے پاک کردیا۔

(جاری ہے)

یہ اقدام علاقہ مکینوں اور دکانداروں کی شکایت پر کیا گیا جن کا کہنا تھا کہ تجاوزات مافیا نے علاقے میں جگہ جگہ ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کا یہاں سے گزرنا اور خریداری کرنا دشوار ہوگیا جبکہ اس صورتحال کے باعث سڑکوں پر بھی ٹریفک جام معمول بن گیا تھا۔

محکمہ انسدادتجاوزات کے عملے نے لیاقت آباد اور ایم اے جناح روڈ میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ دکانداروں کو تنبیہ بھی کی کہ اپنی دکانوں کے سامنے فٹ پاتھ خالی کردیں بصورت دیگر فٹ پاتھ اور سڑک پر لگایا گیا تمام سامان ضبط کرلیا جائے گا اور انہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈائریکٹر انسداد تجاوزات نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم بلاتفریق پورے شہر میں جاری ہے جبکہ نالوں میں قائم تجاوزات بھی ختم کی جارہی ہیں تاکہ شہریوں کو سہولت مہیا کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف یہ مہم شہر کے تمام کاروباری مراکز، بازاروں اور سڑکوں و فٹ پاتھوں سے ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ #

متعلقہ عنوان :