راولپنڈی ،کینٹ بورڈ کے شعبہ صفائی نے نالوں کو ڈمپنگ پوائنٹ میں تبدیل کر دیا

بدھ 23 نومبر 2016 22:51

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2016ء)راولپنڈی کینٹ بورڈ کے شعبہ صفائی نے نالوں کو ڈمپنگ پوائنٹ میں تبدیل کر دیا ،عملہ صفائی گلی محلوں سے کوڑا اکٹھا کر کے نالوں میں ڈالنے لگا ،فیصل کالونی ،خیابان میراں بخش ،نوروز آباد ،اسلم مارکیٹ سمیت دیگر نالے گندگی سے اٹ گئے ۔راولپنڈی کینٹ کے علاقے فیصل کالونی ،خیابان میراں بخش و ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے بتایا کینٹ بورڈ کا عملہ لوگوں کو گھروں کا کوڑا کرکٹ نالوں میں پھینکنے سے روکنے اور ان میں شعور اجاگر کرنے کی بجائے خود ہی کوڑا کرکٹ اکٹھا کر کے نالوں میں پھینکنے لگا ہے جس سے نالے گندگی سے بھر چکے ہیں ۔

دوسری جانب راولپنڈی کینٹ بورڈ نے کچھ عرصہ قبل کینٹ بورڈ کی دس وارڈز میں مجموعی طور پر 600کوڑے دان بھی رکھوائے تھے جن میں اکثر کی حالت یہ ہے کہ ناقص میٹیریل کے باعث ان کے کنڈے ٹوٹ چکے ہیں اور انہیں کمپیکٹر کے ذریعے اٹھانا بھی ممکن نہیں رہا جس کی وجہ سے ان سے کوڑا کرکٹ باہر گرتا رہتا ہے اور عملہ صفائی کو مینوئل طریقے سے یہ کوڑا ڈمپر میں ڈالنا پڑتا ہے جس سے نہ صرف ٹائم ضائع ہوتا ہے بلکہ لاکھوں روپے خرچ کر کے بنوائے گئے کوڑا دانوں کی افادیت ختم ہوجاتی ہے اور کمپیکٹرز کا اصل مقصد بھی فوت ہو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز بھی کینٹ بورڈ راولپنڈی کا عملہ فیصل کالونی کے نالے میں کوڑا پھینک رہا تھا جنہیں اس امر سے منع کیا گیا تاھم ان لوگوں نے کہاکہ اگر ہم کوڑا یہاں نہ پھینکیں تو پھر کہاں پھینکیں فیصل کالونی کے مکینوں نے سٹیشن کمانڈر ،سی ای او آر سی بی ،وائس پریذیڈنٹ و دیگر ممبران سے مطالبہ کیاکہ فیصل کالونی کے نالے کی فوری صفائی کی جائے اور کینٹ بورڈ کے شعبہ صفائی کے اہلکاروں کو نالوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے باز رکھنے کے ساتھ عوام کو بھی اس سے روکا جائے ۔