ہاؤس بلڈنگ فنانس کے ملازمین کے مسائل حل کیے جائیں ،حافظ نعیم الرحمن

ادارے کی بہتری اور ملازمین کی بے چینی کے خاتمے کیلئے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں،وفد سے گفتگو

بدھ 23 نومبر 2016 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کمیٹی کے ملازمین کے مسائل حل کیے جائیں ، ملازمین کے اندر پائی جانے والی بے چینی اور اضطراب کو دور کرنے اور ادارے کے حالات میں بہتری لانے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں ۔ ان خیالا ت کا اظہا رانہوں نے ادارہ نور حق میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن HBFCکے متاثرہ ملازمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سکریٹری سیف الدین ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ جبکہ وفدمیں آفیسرز ایسوسی ایشن چیئرمین محمد عرفان خان ، جنرل سکریٹری فہیم قریشی ،سی بی اے یونین کے جنرل سکریٹری مہتاب احمد صدیقی ، سلیم صدیقی اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ ادارے کے ملازمین سے یکساں سلوک نہیں کیا جارہا اور ایک بڑے طبقہ کو نہ صرف تنخواہوں میں اضافہ سے محروم رکھا گیا ہے بلکہ دیگر ذرائع سے بھی ان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

یہاں تک کہ ملازمین احتجاج کرنے اور عدالتوں میں جانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ HBFC میں طویل عرصہ سے جاری اسکیموں کو بند کیا جارہا ہے۔ قواعد و ضوابط کے خلاف بھاری تنخواہوں اور الاؤنسز کی ادائیگی پر ادارے کے باہر سے افراد کا تقرر کیا جارہا ہے۔ترقی کے لیے ادارے کے اپنے ضوابط پر عمل درآمد کرنے کے بجائے من مانے اور خود ساختہ طریقہ کار کو نافذ کیا جارہا ہے جس سے ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

یہ اقدامات دراصل ادارے کی تباہی کے سامان ہیں اور یہ بات زبان زد عام ہے کہ یہ سب کچھ اس لیے کیا جارہا ہے کہ زبوں حالی کے بعد HBFC کو کسی اور ادارے کے حوالے کردیا جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو یقین دلا یا کہ وہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ۔ جماعت اسلامی اداروں کی ترقی اور ملازمین کی خوشحالی اور فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے ۔ مسائل کے حل کے لیے HBECکے مینیجنگ ڈائریکٹر کو خط بھی لکھا جائے گا ۔ اگر مسائل حل نہ ہوئے اور حالات میں بہتری نہ آئی تو جماعت اسلامی ملازمین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑ ی ہوگی۔