صحت مند جسم تندرست ذہن کا عکاس ہے، محمد وقاص نذیر

بدھ 23 نومبر 2016 22:35

گوجرانوالہ۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) ذہنی اورجسمانی نشوونما کے لئے ورزش نہایت ضروری ہے، صحت مند جسم تندرست ذہن کا عکاس ہے، صحت مندانہ سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کر کے ہم ایک بہترین اور مضبوط قوم تشکیل دے سکتے ہیں، صحت مند افراد ہی زندگی کے ہر میدان میں اچھی کار کردگی کا مظاہر ہ کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر نے پولیس لائنز میں 32لاکھ روپے کی لاگت سے بین ا لاقوامی معیار کے حامل فٹنس کلب کی افتتاحی تقریب میں پولیس افسران اور معززین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سنیئر پولیس ا فسران اور میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ سی پی او نے کہا کہ پو لیس جو انوں سمیت پولیس کے سپورٹس شعبہ کو مزید فعال کرنے کیلئے گوجرانوالہ فٹنس سنٹر کاقیام ناگریز تھا، ائیر کنڈیشنڈ اور جدید مشینری کے حامل اس فٹنس سنٹر میں جوانوں کو اپنی صحت مندانہ سرگرمیوں کو مزید بہتر کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

سی پی اونے کہا کہ تعمیری ، مثبت اور خوشگوار سر گرمیاں ذہنی صلاحیتوں کو جلا بخشتی ہیں اور جوانوں کی کردار سازی میں معاون ثابت ہوتی ہیں، فٹنس سنٹرز کو آباد کر کے معاشرے میں منفی رحجان کاخاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذہنی اور دماغی تربیت کیساتھ ساتھ خود اعتمادی کے لیے صحت مند جسم بہت ضروری ہے۔ بعد ازاں سی پی او محمد وقاص نذیر نے پولیس لائنز کا وزٹ بھی کیا اوربہتری کے حوالے سے مناسب ہدایات بھی جاری کیں۔