شہریوں کی عزت نفس مجروح کرنے والوں کے خلا ف ایکشن لیا جائے گا ، محمد طاہر

بدھ 23 نومبر 2016 22:35

گوجرانوالہ۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد طاہر نے کہا کہ شہریوں کی عزت نفس مجروح کرنے والوں کے خلا ف سخت ایکشن لیا جائے گا، تھانوں میں غیر قانونی حراست نا قابل برداشت ہوگی، ہر پولیس افسر اور اہلکار اپنے افعال کا خودذمہ دار ہوگا، سستی اور کاہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ کٹھیالہ شیخاں کا وزٹ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عمر سلامت، ڈی ایس پی صدر سرکل محمد ندیم طارق ، ایس ایچ او تھانہ کٹھیالہ شیخاںشوکت علی ، ریڈر ماجد علی ودیگرافسران بھی موجود تھے۔ ریجنل پولیس آفیسر نے تھانہ کے ملاحظہ کے دوران محرر دفتر، مال خانہ، کوت تھانہ کا ریکارڈ چیک کیا۔

(جاری ہے)

ریکارڈ کی تکمیل اور پینڈنگ مقدمات کو جلد از جلد یکسو کرنے کی ہدایت کی۔ آر پی اونے ایس ڈی پی او صدر سر کل محمد ندیم طارق کو ہدایت کی کہ وہ وقتاًً فوقتاًً اپنے سرکل کے تھانہ جات کا ملاحظہ کریں اور پائے جانے والے نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کو دور کریں۔ آر پی او نے تفتیشی افسران سے کہا کہ تفتیش میرٹ پرکرتے ہوئے عدل کے تقاضے پورے کئے جائیں، طمع کی خاطر مقدمہ کی تفتیش کا بیڑہ غرق نہ کیا جائے، رشوت خور اور بد عنوان افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں ہونگے۔

انہوں نے سختی سے کہا کہ پینڈنگ مقدمات کی بروقت تفتیش اور مجرمان اشتہاری کی گرفتاری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ پولیس جوانوں اور افسروں کامطمع نظر صرف اور صرف عوام کی خدمت اور عدل و انصاف کی فراہمی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ افسراور جوان قابل ستائش ہیں جو ایمانداری اور دیانتداری سے اپنے فرائض منصبی ادا کرتے ہوئے محکمہ کیلئے نیک نامی کا باعث بنتے ہیں۔آخر میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد طاہر نے دوران ملاحظہ تھانہ کی اچھی صفائی اور میس کے کھانے کا میعار اچھا رکھنے پر خالد لانگری اور سویپر محمد یارکو 5ہزار فی کس نقد انعام و تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔