رواں مالی سال گرڈاسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور سسٹم کی بہتری کیلئے 10ارب روپے سے زائد رقم خرچ کریں گے،چیف ایگزیکٹو میپکو

بدھ 23 نومبر 2016 22:32

ملتان۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین نے کہا ہے کہ صارفین کو بہتر وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم میپکو کی اولین ترجیح ہے، رواں مالی سال 2016-17؁ء کے دوران گرڈاسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اورہائی پاورٹرانسفارمرز کی تنصیب اور سسٹم کی بہتری کیلئے 10ارب روپے سے زائد رقم خرچ کریں گے۔

میپکو ریجن کے بعض علاقوں میں کم وولٹیج اور ٹرپنگ کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے گرڈاسٹیشنوں میں پہلے سے موجود پاورٹرانسفارمرز کی جگہ اس سے زیادہ استعدادکار کے پاور ٹرانسفارمرز لگائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 132KV بہاولپور گرڈ اسٹیشن کادورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے صارفین کو بہتر وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنے کیلئے 132KVگرڈاسٹیشن کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

گرڈاسٹیشن میں 40ایم وی اے کے 2نئے پاورٹرانسفارمرز لگائے جارہے ہیں اس پر 10کروڑروپے سے زائد لاگت آئے گی جس کے بعد یہاں 40ایم وی اے کے 3پاورٹرانسفارمرز ہو جائیں گے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرنے گرڈاسٹیشن سٹاف کوہدایت کی کہ گرڈاسٹیشن کی استعداد کے ٹیسٹ مکمل کئے جائیں ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسربہاولپور میں نئی ٹرانسفارمرز ری کلیمیشن ورکشاپ کا بھی دورہ کیا اس موقع پر انہوںنے کہا کہ بہاولپور اور دیگر علاقوں میں خراب اور جلنے والے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی فوری مرمت کے لئے بہاولپور میں نئی ٹرانسفارمرز ری کلیمیشن ورکشاپ قائم کی جارہی ہے ۔

کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی اس ورکشاپ میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں ٹرانسفارمرز مرمت کئے جائیں گے اور خراب اور جلنے والے ٹرانسفارمرز قلیل مدت میں ٹھیک کرکے دوبارہ نصب کئے جاسکیں گے جس سے کمپنی کے اخراجات اور صارفین کے مسائل میں کمی ہوگی ۔ انہوں نے ورکشاپ میں کام کی رفتار کا جائزہ لیا ۔ انہیں بتایاگیاکہ اس ورکشاپ کے لئے سامان کی خریداری کا عمل جاری ہے جبکہ عملہ کی تربیت ملتان کی ورکشاپ میں کی جارہی ہے ۔

اس موقع پر چیف انجینئر پلاننگ اینڈ انجینئرنگ سرفرازاحمد خان، سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو بہاولپور سرکل جمیل الرحمن بھٹی، ایکسین ماڈل ٹائون مبشر رضوی، ظفر عباسی، ڈپٹی کمرشل منیجر رفیق عابد، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل سبحان علی سومرو ، سٹاف آفیسر کامران ظہوراورڈپٹی منیجر پبلک ریلیشنز جمشید نیازی جمشید نیازی بھی موجود تھے۔