شیڈول کے مطابق کانفرنس منسوخ کرنے کے بھارت کے یکطرفہ فیصلہ نے سارک فورم کو نقصان پہنچایا ،ْسرتاج عزیز

بھارتی مقبوضہ کشمیر میں تشویشناک صورتحال کے حوالہ سے کابینہ کا الگ اجلاس جلد منعقد ہو گا ،ْمشیر خارجہ کا انٹرویو

بدھ 23 نومبر 2016 22:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ شیڈول کے مطابق کانفرنس منسوخ کرنے کے بھارت کے یکطرفہ فیصلہ نے سارک فورم کو نقصان پہنچایا، بھارتی مقبوضہ کشمیر میں تشویشناک صورتحال کے حوالہ سے کابینہ کا الگ اجلاس جلد منعقد ہو گا۔ بدھ کو ایک انٹرویو میں مشیر خارجہ نے کہا کہ کانفرنس منسوخ کرنے کے بھارتی فیصلہ نے سارک فورم کو بہت نقصان پہنچایا۔

بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان سے گہرا تعلق ہے اور اس سے الگ تھلگ رہنا نہیں چاہتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہارٹ آف ایشیاء دوطرفہ کانفرنس نہیں بلکہ اس کا تعلق افغانستان کے اندر رونماء حالات سے ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر کشمیر کا مسئلہ مؤثر انداز میں اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی فیصلہ کن دور میں داخل ہو چکی ہے، نئی کشمیری نسل کی قیادت میں یہ ایک نئے قسم کا انتفادہ ہے جو پاکستان کے جھنڈے اٹھائے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔