پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ

پاکستان نے بھارتی فوج کی پاکستانی حدود میں معصوم شہریوں کی بس پر فائرنگ کے واقعہ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، آئی ایس پی آر

بدھ 23 نومبر 2016 21:56

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ‘پاکستان نے بھارتی فوج کی پاکستانی حدود میں معصوم شہریوں کی بس پر فائرنگ کے واقعہ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق بدھ کو پاکستان کے ڈی جی ایم او اور بھارت کے ڈی جی ایم او کے مابین ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا۔

پاکستان کے ڈی جی او او نے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات کی۔ پاکستان کے ڈی جی ایم او نے اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان کی حدود میں معصوم شہریوں کی بس پر فائرنگ کے واقعہ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ پاکستان کے ڈی جی ایم او نے مزید کہا کہ پاکستان اپنا یہ حق محفوظ رکھتا ہے کہ وہ کسی بھی مقام اور کسی بھی وقت بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دے۔