خیبر پختونخوا حکومت کو مینڈیٹ عوام کی خدمت کے لئے ملا مگر انہوں نے دھرنوں کی سیاست کو ترجیح دی، وفاقی حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے سے قبل ملک سے توانائی کے بحران کا خاتمہ کر دیا جائے گا، دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاک فوج کی سب سے زیادہ قربانیاں ہیں

گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کا کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب

بدھ 23 نومبر 2016 21:56

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کو مینڈیٹ عوام کی خدمت کے لئے ملا تھا مگر انہوں نے دھرنوں کی سیاست کو ترجیح دی، وفاقی حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے سے قبل ملک سے توانائی کے بحران کا خاتمہ کر دیا جائے گا، دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاک فوج کی سب سے زیادہ قربانیاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے والے ہمارے خلاف غیر مناسب زبان استعمال کرتے رہے اور ہم ان کو دعائیں دیتے رہے، ہم چاہتے تو خیبر پختونخوا میں حکومت بنا سکتے تھے مگر ہم نے جمہوری رویوں کو اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے بعد خیبر پختونخوا میں (ن) لیگ کی حکومت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست نے ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے وہاں کی حکومت کو عوام نے مینڈٹ اپنے مسائل کے حل کے لئے دیا تھا مگر انہوں نے عوامی خدمت کے بجائے دھرنوں کی سیاست کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری رویوں کو پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آمریت کے دور میں ہماری پارٹی کو ختم کرنے کی پوری کوشش کی گئی مگر آمر کو معلوم نہیں تھا کہ پاکستان کو پاکستان مسلم لیگ نے بنایا تھا جسے کبھی ختم نہیں کیا جاسکتا۔

گورنر کے پی کے نے کہا کہ محمد نواز شریف نے جب وزارت عظمی کا منصب سنبھالا تو انہوں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ملک سے دہشت گردی اور توانائی کے بحران کا خاتمہ کیا جائے گا اور معیشت کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے مسئلہ مزاکرات کی ٹیبل پر لایا گیا مگر جب مسئلہ کا حل نہ نکلا تو ضرب عضب شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاک فوج نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی کاوشیں سب سے زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی آئینی مدمت ختم ہونے سے قبل ملک سے توانائی کے بحران کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کی صحت اب پہلے سے بہت بہتر ہے وہ جلد اپنے فرائض منصبی سنبھال لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے کی تقدیر بدلنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم ضیاء اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے عہدیداران ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں کراچی پریس کلب آمد پر صحافیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے انہیں سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :