کے الیکٹرک نے عوام کی زندگی وبال بنادی ہے،حافظ احمدعلی

ایک طرف بدترین لوڈشیڈنگ ،دوسری طرف زائد بلنگ صارفین کو سمجھ میں نہیں آرہا جب بجلی ہی نہیں تو اتنابھاری بل کیسے آرہاہے،وفدسے بات چیت

بدھ 23 نومبر 2016 21:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی نے کہاہے کہ Kالیکٹرک نے عوام کی زندگی وبال بنادی ہے، ایک طرف بدترین لوڈشیڈنگ اور دوسری طرف زائد بلنگ ،صارفین کی سمجھ میں نہیں آرہاکہ جب بجلی ہی نہیں تو اتنابھاری بل کیسے آرہاہے، ہرروز صارفین کی لمبی لائن کے الیکٹرک کے دفاترکے باہر شکایات درج کرانے کے لئے کھڑی ہوتی ہے لیکن شکایت سننے والاکوئی نہیں ہوتا۔

وہ الحاج عبدالعزیز صدیقی کے ہمراہ آئے ہوئے علاقہ مکینوں کے وفدسے بات چیت کررہے تھے۔وفد کے اراکین نے بتایاکہ علاقے کی بیشتر آبادی غریبوں پر مشتمل ہے جو بڑی مشکل سے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے میں مصروف ہیں لیکن کے الیکٹرک نے ہماراچین وسکون لوٹ رکھاہے، کسی پل چین نہیں ہے، سب سے زیادہ لوڈ شیڈنگ غریبوں کے علاقوں میں ہوتی ہے لیکن بل اتنابھاری آتاہے جیسے ہم کوئی کارخانہ چلارہے ہیں،شکایت کرنے جائیں تو جھڑکیوں اور گالم گلوچ سے ہمارااستقبال ہوتاہے اور اگر کوئی سن بھی لے تو فرمان جاری کرتاہے کہ یہ بل تو بھرناہی ہوگا آئندہ سے دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

حافظ احمدعلی نے اپنی گفتگومیں کہاکہ غریب لوگ پہلے ہی غربت اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اوپر سے Kالیکٹرک نے ان کی زندگی اجیرن کردی ہے، حکومت Kالیکٹرک کی ایوریج بل کی منطق قوم کو سمجھائے،اگر کوئی کسی علاقے میں بجلی چوری کا مرتکب ہورہاہے تو بل اداکرنے والے صارفین کااس میں کیاقصورہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ Kالیکٹرک کوفوری طورپر قومی تحویل میں لے کر اس کے نظام کو بہتربنایاجائے۔