موجودہ حالات میں اتفاق، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے سیاسی عناصر کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں،یہ وقت ایک ہونے کا ہے،تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دشمن کو اتحاد اور اتفاق کا پیغام دینا ہے، بھارت کی لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے،اسکا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، دشمن کوپاکستان کی خوشحالی کے منصوبے سی پیک کی تکلیف ہورہی ہے ،وہ اسے سبوتاز کرنے کی کوششیں کررہا ہے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کیمسلم لیگ (ن)کے منتخب نمائندوںسے گفتگو

بدھ 23 نومبر 2016 21:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اتفاق، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے سیاسی عناصر کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔یہ وقت ایک ہونے کا ہے اور اتحاد کی طاقت سے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کاہے۔

اب قوم کو نفاق کی منفی سیاست کی نہیں بلکہ اتفاق کی ضرورت ہے۔وہ بدھ کومسلم لیگ (ن)کے منتخب نمائندوںسے گفتگو کر کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی سید جاوید علی شاہ، محسن شاہنواز رانجھا، راجہ محمد جاوید اخلاص، رکن صوبائی اسمبلی عبدالرئوف مغل اور سابق ایم این اے افضل تارڑ شامل تھے جبکہ ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دشمن کو اتحاد اور اتفاق کا پیغام دینا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے۔بھارتی فوج آئے روز معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر انتہائی بزدلانہ ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔پوری دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج وطن عزیز کے ایک ایک انچ کی حفاظت کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیںاوروہ دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ دشمن کوپاکستان کی ترقی و خوشحالی کے منصوبے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی تکلیف ہورہی ہے اوروہ اسے سبوتاز کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔انہوںنے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا ضامن ہے اوراس پر عملدر آمد سے پاکستان کی تقدیر بدلے گی اورملک میں ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ہمیںباہمی اتحاد سے اس منصوبے کو پائیہ تکمیل تک پہنچانا ہے ۔