وزیراعلیٰ پنجاب کی آبادیوں، ایمبولینس اور مسافر بس پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی شدید مذمت

مسافر بس، ایمبولینس اور آبادیوں پر فائرنگ و گولہ باری کے واقعات بھارت کی کھلی جارحیت ہے، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پوری پاکستانی قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے،شہباز شریف کا بیان

بدھ 23 نومبر 2016 21:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وادی نیلم کے قریب ایمبولینس اور مسافر بس پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی فائرنگ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔بدھ کو اپنے ایک بیان میںوزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ ایمبولینس، مسافر بس اور آبادیوں پر فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات بھارت کی بربریت اور کھلی جارحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پوری پاکستانی قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن عزیز کی حفاظت کیلئے پاکستان کی بہادر افواج اور 20 کروڑ عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔