موجودہ حالات میں اتفاق، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف

بدھ 23 نومبر 2016 21:31

لاہور۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اتفاق، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے سیاسی عناصر کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، یہ وقت ایک ہونے کا ہے اور اتحاد کی طاقت سے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کاہے، اب قوم کو نفاق کی منفی سیاست کی نہیں بلکہ اتفاق کی ضرورت ہے، تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دشمن کو اتحاد اور اتفاق کا پیغام دینا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوںنے یہاں ان سے ملاقات کی ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج آئے روز معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر انتہائی بزدلانہ ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔پوری دنیا میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج وطن عزیز کے ایک ایک انچ کی حفاظت کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیںاوروہ دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ دشمن کوپاکستان کی ترقی و خوشحالی کے منصوبے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی تکلیف ہورہی ہے اوروہ اسے سبوتاز کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا ضامن ہے اوراس پر عملدر آمد سے پاکستان کی تقدیر بدلے گی اورملک میں ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ہمیںباہمی اتحاد سے اس منصوبے کو پائیہ تکمیل تک پہنچانا ہے ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی سید جاوید علی شاہ، محسن شاہنواز رانجھا، راجہ محمد جاوید اخلاص، رکن صوبائی اسمبلی عبدالرئوف مغل اور سابق ایم این اے افضل تارڑ شامل تھے جبکہ ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :