حیسکو کی خصوصی ٹیموں کابجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری

بدھ 23 نومبر 2016 21:29

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) حیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر اسد اللہ کی ہدایت پر بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف افسران پر مشتمل حیسکو کی خصوصی ٹیموں کا پورے حیسکو ریجن میں آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینئر I-، نجم الدین ابڑو کی ہدایت پرایس ڈی او رضوی سب ڈویژن محمد اویس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کاروائیوں کے دوران لطیف آبا د نمبر 8میں واقع اسکیل اسٹون میں چیکنگ کے دوران میٹر شنٹ پایا گیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ پلاٹ نمبر :527کا23اور 16ایمپئرکا میٹر ٹیمپر کیا ہوا تھا جس کی وجہ یونٹ ریکارڈ نہیں ہورہے تھے جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کنکشن منقطع کردیئے گئے ہیں اور مروجہ قانون کے تحت بجلی چوروں کے خلاف مزید کارروائیاں کی جارہی ہیں اسکے علاوہ دیگر مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 150نادہندہ صارفین کے کنکشن منقطع کئے گئے اور 200غیر قانونی کنڈے ہٹائے گئے ہیں جبکہ نادہندہ صارفین سے 5لاکھ 25ہزار روپے کے واجبات کی وصولی بھی کی گئی ہے ۔