پاکستان ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا اور یوکرائن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

یوکرائن کے تعاون سے الخالد ٹینک ون کی تیاری شروع کر دی گئی ہے ۔ 110 الخالد ٹینکوں کے انجن اپ گریڈ کریں گے،وفاقی وزیر دفاعی پیداوار کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 23 نومبر 2016 21:26

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) پاکستان ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا اور یوکرائن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں ۔ معاہدے کے موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین بھی موجود تھے ۔ معاہدے کے مطابق یوکرائن الخالد ٹینکوں کے انجن اپ گریڈ کرے گا ۔ یوکرائن 200 الخالد ٹینکوں کے لیے انجن فراہم کرے گا ۔

میڈیا سے بات چیت میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ معاہدے کی وقت پر تکمیل کے لیے پرعزم ہیں ۔ یوکرائن کے تعاون سے الخالد ٹینک ون کی تیاری شروع کر دی گئی ہے ۔ 110 الخالد ٹینکوں کے انجن اپ گریڈ کریں گے ۔ پاک فوج جب کہے گی ، اپ گریڈیشن کا کام شروع کر دیا جائے گا ۔ یوکرائن دنیا کا بہترین ٹینک بنانے والا ملک ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جنگ عظیم میں بھی یوکرائن کے بنے ٹینک استعمال ہوئے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ہتھیار یا آلات خریدیں گے تو اس کی ٹیکنالوجی بھی ساتھ آئے گی ۔ روس کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں ۔ روس کی سب سے بڑی دفاعی پیدوار کی تین کمپنیاں پاکستان آئی ہیں ۔ روس کے صدر نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی اور شرارتیں کر رہا ہے ۔

پاکستان اشتعال انگیزی کا مسلسل جواب دے رہا ہے ۔ عالمی برادری کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے ۔ چار سویلین کی شہادتوں سے امید ہے کہ بھارت کو جلد عقل آ جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ الخالد ون کے فیز ٹو معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں ۔ یوکرائن 110 الخالد ٹینکوں کے انجن کو اپ گریڈ کرے گا ۔ آئیڈیاز 2016 دفاعی نمائش دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :