سرکاری ملازمین خوف خدا کے ساتھ کام کریں،مظفر سید ایڈووکیٹ

بدھ 23 نومبر 2016 21:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے سرکاری ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کی بے لوث خدمت کو شعار بنائیں اور خوف خدا کے ساتھ فرائض انجام دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ محکموں کی کارکردگی بہتر بنے، عوام کا اعتماد بحال ہو اور صوبہ دن دگنی رات چگنی ترقی کرے۔اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں سرکاری ملازمین کے مختلف وفود سے ملاقات میں انہوں نے مزید تاکید کی کہ سرکاری اہلکار دن میں عوام کی خدمت اور رات میں اللہ تعالیٰ کی عبودیت کا وطیرہ اپنائیں تو قدرت ہم پر بے پناہ مہربان ہو گی اور حکومتی مسائل کے علاوہ خشک سالی اور ماحولیاتی آلودگی جیسی گھمبیر مشکلات بھی حل ہوں گی۔

لیبارٹری اسسٹنٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی وزیر خزانہ سے صوبائی صدر عزت محمد کی زیر قیادت ملاقات کی اور سروس سٹرکچر و اپ گریڈیشن کے وعدوں کی تکمیل کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

مظفر سید ایڈوکیٹ نے واضح کیا کہ صوبے کے تمام ملازمین کے مسائل ایک طرح کے ہیں اور یقین دلایا کہ صرف کسی ایک طبقے کے نہیں بلکہ تمام ملازمین کے مطالبات پورے کئے جائیں گے جو انصاف کا تقاضا بھی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو فی الحال مالی مشکلات کا سامنا ہے جو حل ہونے کی صورت میں نہ صرف سروس سٹرکچر،اپ گریڈیشن اور پروموشن کے تمام کیس نمٹادیئے جائیں گے بلکہ ہمارا ارادہ ترقیافتہ ممالک کی طرز پر ملازمین کی تنخواہوں میں بہتر نتائج کی بنیاد پر سو یا دو سو فیصد نہیں بلکہ ہزار گنا اضافہ کرنے کا ہے جس کے لئے صوبائی حکومت کا پلان بھی تیار ہے۔