صوبے میں دیر پا امن اور اداروں کی مضبوطی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،عنایت اللہ خان

بدھ 23 نومبر 2016 21:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ نے کہا ہے کہ صوبے میں دیر پا امن اور اداروں کی مضبوطی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور موجودہ حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ہمراہ ’’سیف حیات آباد‘’ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینئر وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ہدایات اور راہنمائی میں پشاور میں ترقیاتی منصوبوں پر پوری برق رفتاری کیساتھ کام جاری ہے اور اس ضمن میں متعدد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور حیات آباد فلائی اوور،چارسدہ روڈ فلائی اوور اور رنگ روڈ فلائی اوور اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے ہمارا سکون غارت کیاتھا لیکن اب بہ فضل خدا ہمارے سیکیورٹی اداروں کی مثالی کارکردگی کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پشاور کی عظمت رفتہ کی بحالی اور عوام کی ترقی و خوشحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور پشاورسمیت پورا صوبہ ایک مربوط اور با اختیار بلدیاتی نظام کے تحت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر پی ڈی اے نے ’’سیف حیات آباد‘‘ پراجیکٹ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ مذکورہ منصوبے کیلئے 50.3ملین روپے مختص کئے گئے تھے جبکہ پی ڈی اے نے اسی30ملین روپے سے مکمل کیا جو پی ڈی اے کی بہتر کارکردگی کا بین ثبوت ہے۔