کوہاٹ،مختلف حادثات کے دوران موٹر سائیکل سوار جاں بحق ، خواتین سمیت تین افراد زخمی

بدھ 23 نومبر 2016 20:56

کوہاٹ۔23نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2016ء) کوہاٹ میں ٹریفک کے مختلف حادثات کے دوران موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے نواحی علاقہ بڑھ سے تعلق رکھنے والے دو چچا زاد بھائی محمد عامر اورنعمان پرویز کسی کام کی غرض سے شہر آرہے تھے جونہی کوہاٹ بنوں روڈ پر ڈیفنس کالونی کے قریب پہنچے تو سڑک کے کنارے موٹر سائیکل کھڑی کرکے نعمان پرویزموبائل فون کا ایزی لوڈ کرنے دکان میں چلا گیا جبکہ محمد عامر موٹر سائیکل پر بیٹھ کر انتظار کرتا رہا کہ اسی اثناء میں ایک تیز رفتار ٹریکٹر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر ان پر چڑھ دوڑا جسکے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔

متوفی کی میت پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال لائی گئی جہاں انکے چچا زاد بھائی نعمان پرویز کی رپورٹ پر پولیس تھانہ چھائونی نے نامعلوم ٹریکٹر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء کوہاٹ پنڈی روڈ پر بہادر کوٹ کے قریب گاڑی کے انتظار میں کھڑے مقامی افراد رحمت خان ولد سردار خان اسکی بیوی مسماة اکبر جانہ اور مسماة پیائو گلہ کو تیز رفتار فلائنگ کوچ نے ٹکر ماردی جسکے نتیجے میں وہ تینوں زخمی ہوگئے جبکہ فلائنگ کوچ ڈرائیور گاڑی بھگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

تینوں زخمیوں کو فوری طور پر کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پولیس تھانہ محمد ریاض شہید نے مجروح رحمت خان کی مدعیت میں نامعلوم فلائنگ کوچ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :